لاہور ،راولپنڈی(ہیلتھ رپورٹر،خبر نگار،بیورورپورٹ)نگران وزیر اعلیٰ پنجا ب محسن نقوی نے سروسز ہسپتال کی زیر تکمیل نئی ایمرجنسی کا دورہ کیا ،صوبائی وزیراطلاعات عامر میر بھی ہمراہ تھے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نئی ایمرجنسی میں جاری تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اورفنشنگ کے کام میں تاخیرپربرہمی کااظہار کیا، محسن نقوی نے ہدایت کی دن رات ایک کرکے تمام کام جلداز جلد مکمل کئے جائیں، نئی ایمرجنسی کے باہر پڑے پرانے بیڈز دیکھ کروزیراعلیٰ نے ناراضگی کا اظہار کیا اور نئی ایمرجنسی میں نئے بیڈزرکھنے کا حکم دیا۔
محسن نقوی نے نئی ایمرجنسی میں ایئر کنڈیشن سسٹم کی انسٹالیشن دیکھ کر عدم اطمینان کااظہارکیااور سسٹم کوفوری طورپر بہتر بنانے کی ہدایت دی،محسن نقوی نے مزید ہدایت کی بیسمنٹ میں جمع ہونے والے پانی کو روکنے کیلئے جامع پلاننگ کی جائے،پوری تسلی کے بعد نئی ایمرجنسی مریضوں کیلئے کھولیں گے۔
قبل ازیںنگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی گئے،ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کے فقدان ،بری حالت پر مریضوں ،تیمارداروں نے شکایات کے انبار لگا دیئے ،وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ایم ایس ہسپتال ،وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کو سخت وارننگ دیتے ہوئے ہسپتال کو بہتر کرنے کےلئے 7روز کی ڈیڈ لائن دی،مریضوں ،تیمارداروں نے شکایت کی ہسپتال کے گارڈز ہر کام کے پیسے لیتے ہیں،بعض وارڈز کے بیدز خراب ،بیڈ شیٹس پر خون کے دھبے نظر آرہے تھے،اے سی بند،حبس سے مریضوں ،تیمارداروں کا برا حال تھا۔
ہسپتال کی حالت زار پر وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے علاج معالجے و دیگر سہولتوں کی بہتری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا حکم دیا،وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں مریضوں ،تیمارداروں سے پیسے لینے والے گارڈزکو گرفتارکر ادیا۔
دریں اثنانگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دریائے ستلج کے سیلاب سے متاثرہ علاقو ں کا فضائی دورہ کرکے صورتحال کاجائزہ لیا،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن تیز کیاجائے ،لوگوں کی زندگیوں کے تحفظ کےلئے ہر ممکن اقدام اٹھایاجائے اور حفاظتی بند کو مضبوط بنانے کے لئے ضروری وسائل بروئے کارلائے جائیں۔
مزید برآںوزیر اعلیٰ محسن نقوی نے شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاوطن کے بہادر سپوتوں نے جانیں قربان کر کے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور مذموم عزائم کو ناکام بنایا،شہدا کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،قوم شہدا کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
وزیراعلیٰ کادورہ سروسز،ہولی فیملی ہسپتال پنڈی ،پیسے لینے والے گارڈز گرفتار کرادئیے



















