رینجرز نے بھارت سے سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنادی، 6سمگلر گرفتار

راولپنڈی (بیورورپورٹ)پاکستان رینجرز نے بھارت سے سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنادی۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر)کے مطابق 29جولائی تا 3اگست دراندازی کی کوششوں میں 6بھارتی سمگلروں کو گرفتار کرلیا گیا،گرفتار بھارتی شہری منشیات و ہتھیاروں کی سمگلنگ میں ملوث ہیں۔

گرفتار بھارتی شہریوں میں فیروزپور کے رہائشی گرمیج سنگھ، شندر سنگھ، جگندر سنگھ، وشال سنگھ ،جالندھر کا رہائشی مہندر سنگھ اور لدھیانہ سے تعلق رکھنے والا گروندر سنگھ بھی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گرفتار سمگلروں کےخلاف غیر قانونی داخلے اور پاکستان میں ریاست مخالف سرگرمیوں پر کارروائی ہوگی، بھارتی سمگلروں کی بی ایس ایف کے زیر نگرانی بارڈر سے بلا روک ٹوک نقل و حرکت حیران کن ہے،بھارتی بی ایس ایف کا سمگلروں کےساتھ ممکنہ گٹھ جوڑ بعیداز قیاس نہیں، توقع ہے بی ایس ایف بارڈر پر نگرانی کا نظام موثرو سمگلروں کےساتھ گٹھ جوڑ ختم کرے گی۔