اسلام آباد (بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے پانامہ والیم 10 کھولنے سے انکار ،مریم نوازکی ضمانت منسوخی درخواست خارج کردی گئی۔
براڈ شیٹ کمپنی کی پانامہ جے آئی ٹی کے والیم 10 تک رسائی درخواست پر چیف جسٹس کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سماعت کی،براڈ شیٹ کمپنی کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل میں کہا پانامہ جے آئی ٹی والیم 10 میں ایسا کیا ہے جوخفیہ رکھا جائے؟ آرٹیکل 19 اے کے تحت عوام کا حق ہے دیکھیں کیسے ملک کو لوٹا گیا۔
جسٹس اطہر من اللہ نے پوچھا سپریم کورٹ کے 5رکنی بنچ نے پانامہ فیصلے میں والیم 10 پرکوئی آبزوریشن دی تھی؟ اس طرف نہیں جائیں گے کیونکہ پانامہ کیس میں ملک کے منتخب وزیراعظم کو ہٹایا گیا، آپ کو والیم 10 ثالثی کورٹ میں کارروائی کےلئے چاہیے تھا وہاں معاملہ نمٹ چکا اب تو آپ کی درخواست غیر موثر ہو گئی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا براڈ شیٹ کو نیب نے 28 ملین ڈالر ادا کر دئیے ، چیف جسٹس نے کہا معاملے پر آپ 184تھری کے تحت ہی درخواست لا سکتے ہیں مگر آپ مسٹر سٹورٹ کے کندھے پر رکھ کر مفاد عامہ کی بات نہ کریں۔
جسٹس اطہر من اللہ نے وکیل لطیف کھوسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کیا آپ پانامہ فیصلے پر دوبارہ نظر ثانی کرانا چاہتے ہیں؟ وکیل لطیف کھوسہ نے کہانہیں میں پانامہ فیصلے میں جانا نہیں چاہتا،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا سیاسی باتیں کرنے کی بجائے قانونی نکات تک ہی محدود رہیں، آپ پاکستانی عوام نہیں براڈ شیٹ کمپنی کی نمائندگی کیلئے آئے ہیں ،بہتر ہو گا پاکستانی عوام کی نمائندگی میں بات نہ کریں، کیا پانامہ کیس کے فیصلے میں سپریم کورٹ نے پانا مہ جے آئی ٹی والیم 10 کا ذکر بھی کیا یا پھر آپ کہنا چاہتے ہیں سپریم کورٹ کے 5 رکنی پانا مہ بنچ نے کسی کی حمایت کی تھی؟۔
وکیل لطیف کھوسہ نے کہا صرف چاہتا ہوں عوام کے سامنے حقائق آئیں،چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا انگریزی کا لفظ ہے”ریلکس“، کھوسہ صاحب آپ خاطر جمع رکھیں جو بحث عدالت میں ہو رہی ہے کیس سے ہٹ کر ہے۔
چیف جسٹس نے نگران حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا بھارت میں شماریات کا ماہر ریٹائرمنٹ کے بعد بیرون ملک گیا اور تدریسی عمل جاری رکھا ،102 سال کی عمر میں نوبل انعام ملا، پاکستان میں بہترین دماغ حکومت میں ہیں،وکیل لطیف کھوسہ نے کہا بہترین دماغ سپریم کورٹ میں بھی موجود ہیں جن کی ذمہ داری ملک کو آئین کے مطابق چلانا ہے، ملک سے زیادہ کسی چیز سے پیار نہیں کرتا، چیف جسٹس نے کہا ملک کےساتھ تو سب کو ہی محبت ہے،بعد ازاں سپریم کورٹ نے پانامہ جے آئی ٹی رپورٹ کا والیم 10 کھولنے کی براڈ شیٹ کمپنی کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔
علاوہ ازیںمریم نواز کو شوگر ملز کیس میں سپریم کورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا،عدالت عظمیٰ نے نیب کی جانب سے ضمانت منسوخی درخواست واپس لینے کی بنا پر خارج کر دی،نیب نے عدالت میں تحریری بیان جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا نیب ترامیم کے بعد کیس پر دائرہ اختیار باقی نہیں رہا،سپریم کورٹ نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کی جاتی ہے، نیب پراسیکیوٹر نے کہا لکھا جائے درخواست خارج کی بجائے آرڈر شیٹ میں نمٹا دی گئی۔
کورٹ کا پانامہ والیم 10کھولنے سے انکار،مریم کی ضمانت منسوخی درخواست خارج
















