آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت پہلی خصوصی عدالت قائم، قریشی کا ریمانڈ منظور

اسلام آباد، لاہور (بیورو رپورٹ+ کورٹ رپورٹر) آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت درج مقدمات کی سماعت کےلئے اسلام آباد میں پہلی خصوصی عدالت قائم کردی گئی، آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کا اضافی چارج انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کو سونپ دیا گیا۔

جج ابوالحسنات آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت درج مقدمات کی سماعت کریں گے۔ قانون کے مطابق آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت درج مقدمات کی سماعت اِن کیمرا ہوگی۔

دریں اثنا خصوصی عدالت میں پہلا مقدمہ شاہ محمود قریشی کا سنا گیا، پی ٹی آئی رہنما پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سائفر گمشدگی کا مقدمہ درج ہے۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے شاہ محمود قریشی کےخلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سائفر گمشدگی کیس پر اِن کیمرا سماعت کی۔

سپیشل عدالت کے جج ابوالحسنات نے غیرمتعلقہ افراد کو کمرہ عدالت سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے کہا آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا معاملہ ہے، غیرمتعلقہ افراد باہر چلے جائیں، پی ٹی آئی کے جونیئر وکلا کو بھی کمرہ عدالت سے نکال دیا گیا جبکہ پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔

ذرائع کے مطابق وکیل شعیب شاہین نے سائفر کے معاملے پر ایف آئی اے سے تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی اور بار بار جسمانی ریمانڈکی مخالفت کرتے رہے، وکلا علی بخاری اور شعیب شاہین نے مختلف عدالتی فیصلوں کا حوالہ دیا جبکہ ایف آئی اے پراسیکیوٹر خوشنود احمد نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ پڑھ کر سنایا، ایف آئی اے کی جانب سے سائفر کیس میں 13 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تاہم عدالت نے شاہ محمود قریشی کو 4 روز کےلئے ایف آئی اے کے حوالے کرتے ہوئے 25 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دےدیا۔

دریں اثنا آفیشل سیکرٹ ترمیمی ایکٹ کےخلاف متفرق درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کردی گئی۔ مقسط سلیم ایڈووکیٹ کی جانب سے درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت قانون اور داخلہ کو فریق بنایا گیا،۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا صدر مملکت عارف علوی کا بیان سامنے آیا کہ انہوں نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ پر دستخط نہیں کئے، ایکٹ درست طریقہ کار کے مطابق پاس نہیں ہوا، آفیشل سیکرٹ ترمیمی ایکٹ ماورائے آئین ہے۔ پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو غیرآئینی اختیارات دیدئیے گئے۔ پولیس، قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی شہری کے گھر بلاوارنٹ داخل ہوسکتے ہیں۔

وکیل نے کہا نئے قانون کے تحت گرفتار فرد کو مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرنا لازم نہیں جبکہ آئین کا آرٹیکل 4 تا 19 اے شہریوں کی آزادی و بنیادی حقوق کا تحفظ فراہم کرتا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی عدالت آفیشنل سیکرٹ ترمیمی ایکٹ کی شق 2، 4 اور 11 کو ماورائے آئین قرار دیتے ہوئے کالعدم کرے اور عدالتی فیصلہ آنے تک قانون پر عملدرآمد روکتے ہوئے حکم امتناع جاری کیا جائے۔

دوسری جانب سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر اور ایمان مزاری کو دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا، علی وزیر کو چہرے پر کپڑا ڈال کر عدالت لایا گیا، علی وزیر روسٹرم پر آئے اور موقف اختیار کیا جلسے میں کوئی غلط بات نہیں ہوئی، کہا اپنی بات اسلام آباد تک پہنچانا چاہتے ہیں۔

سابق رکن قومی اسمبلی نے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کو غلطی سے سپیکر پکار دیا، جج ابوالحسنات نے کہا کوئی بات نہیں، میں بھی سن رہا ہوں، آپ سپیکر کہہ سکتے ہیں، ملک ہے تو ہم ہیں، اتنا پیارا ملک ہے ہمارا۔

پراسیکیوٹر راجہ نوید نے عدالت میں کہا ایمان مزاری، علی وزیر کے ذریعے شریک ملزموں تک بھی پہنچنا ہے، ایمان مزاری کے وکیل نے کہا سوال ہے ابھی تک میری موکل کےخلاف کوئی ثبوت کیوں نہیں لایا گیا؟ فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ یا وائس میچنگ ٹیسٹ اب تک کیوں نہیں کرایا گیا؟۔

وکیل نے کہا ایمان مزاری کی تقریر سوشل میڈیا پر ہے۔ لیپ ٹاپ، موبائل بھی پولیس کے پاس ہے، ایمان مزاری کو حراست میں رکھ کر کیا ملے گا؟ یہ ایمان مزاری کو دہشت گرد ثابت کرنا چاہتے ہیں، پولیس شاید بھول گئی انکے گھر بھی مائیں بہنیں ہیں، ایمان مزاری کی قانونی ٹیم نے ملزمہ سے ملاقات کرنے کیلئے انسداد دہشت گردی عدالت سے اجازت طلب کرتے ہوئے کہا ایمان مزاری گزشہ روز بےہوش ہوئیں، تھانے میں ملاقات نہیں کرپائے لہٰذا ملاقات کی اجازت دی جائے۔

پراسیکیوٹر راجہ نوید کی جانب سے دونوں کے 10، 10 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تاہم عدالت نے ایمان مزاری اور علی وزیر کو 3، 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔

قبل ازیں ایمان مزاری عدالت پہنچنے پر والدہ شیریں مزاری سے گلے لگ کر آبدیدہ ہوگئیں۔ ایمان مزاری نے کہا بھوک ہڑتال کردی، مجھے میری نظموں کی کتابیں نہیں دی گئیں، دوران تفتیش کسی نے کوئی سوال نہیں پوچھے۔

ادھر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری نے کہا ایمان نے کھانے سے منع کردیا، دشمن چاہتا ہے میری بیٹی کے ساتھ کچھ برا ہو، بےہوش ہونے کے باجود ڈاکٹر سے ملنے نہیں دیا گیا، ایمان مزاری کی جان کو خطرہ ہے، شیریں مزاری نے مزید کہا عدالت انسانی حقوق کا احترام کرتی، ایمان مزاری کو رہا کیاجائے۔