لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) چیئرمین پنجاب ہائیرایجوکیشن ڈاکٹر شاہد منیر کی طرف سے جاریکردہ اعلامیہ کے مطابق پنجاب کے 30 وائس چانسلرز نے طلبہ و طالبات کیلئے ڈگری کا اجرا سوشل فیلڈ ورک سے مشروط کرنے کی سفارش کردی۔ جامعات کو پرامن بنانے کیلئے صوبائیت، علاقائیت اور فرقہ وارنہ بنیادوں پر گروہ سازی کی حوصلہ شکنی کی جائیگی، جامعات میں سپورٹس کلچرکو فروغ دیا جائےگا۔ آئین، قانون اور انسانی حقوق کے موضوعات پر سیمینارز کا انعقاد کیا جائیگا۔اہم قومی ایشوز پر یونیورسٹیز ورکنگ پیپر تیار کرکے حکومت کو سفارشات دیا کر یں گی۔ بین المذاہب مکالمے کی حوصلہ افزائی کی جائےگی۔ باہمی رواداری کیلئے مذاہب کی مشترکہ اقدار کو فروغ دیا جائےگا۔ اقلیتی طلبہ وطالبات کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جائےگا۔ منشیات اور ہراسمنٹ کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائےگی۔ جامعات میں بڑی تعداد میں سٹوڈنٹس سوسائٹیز کے قیام کی بھی سفارش۔ نوجوانوں میں سماجی، رفاہی اورسیاسی موضوعات پر مکالمے اور مباحث کی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔ جامعات کے وائس چانسلرز سماجی حقائق سے متعلق تعلیم و تربیت کے مواقع فراہم کریں گے۔ دیہات کو”کاﺅٹیز“ بنا کر تعلیم و روزگار کے مساوی مواقع پیدا کرنے کی بھی سفارش۔ سوک ایجوکیشن کا فروغ بہتر اور روشن مستقبل کی ضمانت قرار دیا گیا۔ زیور تعلیم سے محروم ڈھائی کروڑ بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کرنے کیلئے جامعات حکومت کوروڈ میپ دےگی۔ گلوبل سٹیزن شپ کے تناظر میں عمرانی علوم کی حوصلہ افزائی کی جائےگی۔ سوچ وفکرکی آزادی، مساوات، بھائے چارے کے فروغ کیلئے جامعات میں مثالی ماحول پیدا کیا جائیگا۔ جامعات میں سول سوسائٹی کی تنظیموں کے اشتراک سے ”شہری تعلیم کانیٹ ورک“ تشکیل دینے کی بھی سفارش کی گئی۔کردار سازی کیلئے عوامی و سماجی نظام وضع کرنے کی حکمت عملی اختیار کی جائیگی۔ گلوبل وارمنگ، موسمی تغیرات کے تناظر میں آلودگی میں اضافہ کی روک تھام کیلئے جامعات طلبہ میں آگاہی مہم چلائیگی۔ سماجی اخلاقیات اور انسان کی عزت نفس کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے اسلامی تعلیمات کو اُجاگر کیا جائےگا۔ جھوٹی اور بے بنیاد خبروں کے ذریعے جامعات کے تقدس اور انکے وقار کو مجروح کرنیوالے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائیگی۔ میڈیا کو صحافتی ضابطہ اخلاق کا پابند بنانے اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کیخلاف سخت تادیبی کا رروائی کی بھی سفارش کی گئی اوراسلام وطن عزیز، ریاست پاکستان اور اسکے اداروں کے احترام کا شعور اُجاگر کیا جائیگا۔ دو روزہ کانفرنس میں فنون لطیفہ، آرٹس ، کلچر، مذہب، اخلاقیات ، امن، روداری، بین المذاہب ہم آہنگی، سماجی علوم اور شہری تعلیم کی اہمیت کے حوالے سے گفتگو ہوئی جن میں سکالرز، دانشور، پروفیسرز اور اکیڈیمیا کے نامور افراد اور سول سوسائٹی کے نمائندہ افراد نے حصہ لیا۔
جامعات میں اقلیتی طلبہ کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جائےگا : ڈاکٹر شاہد منیر



















