جدید طبی ریسرچ کے ذریعے عوام کو خطرناک بیماریوں سے بچایا جاسکتا ہے :ڈاکٹر جاوید اکرم
لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے انڈس ہسپتال جوبلی ٹاون میں جدید ریسرچ سنٹر کا افتتاح کیا۔اس موقع پرسی ای او ڈاکٹر شفیق حیدر اور انڈس ہسپتال جوبلی ٹان کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ریسرچ سنٹر میں کلینکل ٹرائل یونٹ و دیگر شعبہ جات قائم کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ انڈس ہسپتال میں جدید ریسرچ سنٹر کا آغاز انتہائی خوش آئند ہے۔ پنجاب کی سرکاری طبی درسگاہوں میں کوالٹی ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ پاکستانی عوام کو جدید طبی ریسرچ کے ذریعے ہی خطرناک بیماریوں سے بچایا جا سکتا ہے۔انڈس ہسپتال جوبلی ٹان آنے والے مریضوں کو بہترین اور جدید طبی سہولیات فراہم کررہا ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پوری دنیا میں عوام کو مختلف خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے جدید ریسرچ کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ پنجاب میں بھی آرٹیفشل انٹیلی جنس کا نظام متعارف کروانے کا بنیادی مقصد ہی یہی تھا۔ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے طب کے شعبہ میں جدید ریسرچ انتہائی اہم ہو چکی ہے۔



















