بابر اعظم کوہلی کے مقابلے میں زیادہ تسلسل سے رنز کرتے ہیں:عاقب جاوید
لاہور (مشرق نیوز) قومی ٹیم کے سابق کپتان عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ویرات کوہلی کے مقابلے میں زیادہ تسلسل سے رنز کرتے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے کہا کہ بڑے عرصے کے بعد ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کی متوازن ٹیم بنی ہے قومی ٹیم کا کمبی نیشن اچھا لگ رہا ہے، فاسٹ بولرز، اسپنرز، ٹاپ آرڈر اور پھر مڈل آرڈر بھی سب اچھے ہیں اور فٹ بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمر کا مسئلہ بھی دکھائی نہیں دے رہا جبکہ پہلے ہوتا تھا دو تین کھلاڑی ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرہو جائیں گے اس ٹیم میں ایسا کوئی نہیں جو ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر ہو اسلئے میں اب ہمیشہ یہ کہتا ہوں کہ اس مرتبہ پاکستان کے پاس ورلڈ کپ جیتنے کا بہت اچھا موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ اب بھارت کی ایسی صورتحال ہے کہ ان کے کھلاڑیوں کے بارے میں بات کی جارہی ہے کہ کون کون ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر ہو گا، میراماننا ہے کہ عمر اور فٹنس کے لحاظ سے پاکستان ٹیم بھارت سے بہت آگے ہے اور پاکستان کے پاس اس مرتبہ بہتر آپشنز ہیں۔

















