سانحہ9مئی میں ملوث افراد کیلئے کوئی رعایت نہیں،ملکی و غیر ملکی سطح پر کئے وعدے پورے کرینگے،نگران وزیراعظم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کو قانون کی خلاف ورزی کرنےوالوں کیخلاف بغیر کسی رعایت کارروائی ہوگی، قانون کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے، بیرونی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے پلیٹ فارم سے مقررہ مدت میں ملکی ترقی کی بنیاد رکھنے کی کوشش کریں گے، ملکی و غیرملکی سطح پر کئے گئے وعدوں کو پورا کریں گے، کشمیر دیرینہ تنازع ہے، کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، ریاست اقلیتوں کو نقصان پہنچانے والوں کےساتھ نہیں، اکثریت کو اقلیت کا خیال رکھنا ہوگا، انصاف و قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائےگی، کسی سے ناانصافی نہیں ہوگی، ابھی ملک کا ماحول تقسیم شدہ ہے، سیاست و قانون میں فرق کرنا ہوگا، انارکی ہوگی تو کوئی حکومت، گورننس، سیکولر اور مذہبی نظام نہیں چل سکے گا، پاکستان تمام مذاہب و نسلوں کا ملک ہے، حقوق نام نہیں کردار اور روئیے پر دئیے جائیں گے، کابینہ ٹیم تجربہ کار ہے، یقین ہے اللہ تعالیٰ سرخرو کرےگا، تمام وزرا سے امید کرتا ہوں اپنی اپنی وزارتوں میں بھرپور کردار اداکریں گے۔

کابینہ کے پہلے اجلاس میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے 9 مئی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا 9 مئی کو ریاستی نظام پر حملہ کیا گیا اور نظام سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی، 9 مئی کے واقعات انتہائی پریشان کن تھے، ملوث افراد سے قانون کے مطابق نمٹا جائےگا اور بغیر کسی رعایت کارروائی ہوگی، ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے، کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائےگی۔

نئی نگراں کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا کابینہ میں شامل ملک کے قابل ترین افراد اپنے اپنے شعبہ جات میں مہارت رکھتے ہیں، مجھے تجربہ کار و بہترین اورقابل ٹیم پر فخر ہے، توقع ہے عبوری مدت میں قوم کی بھرپور خدمت کریں گے، گو ملکی خدمت کےلئے کوئی زیادہ مینڈیٹ نہیں بلکہ محدود وقت ہے، کوشش کریں گے گزشتہ حکومتوں کے ملکی و بین الاقوامی سطح پر کئے گئے وعدے پورے کریں، معاشی مسائل کے حل کےلئے بہترین اقدامات کریں گے۔

نگراں وزیراعظم نے کہا پاکستان زرعی ملک، بڑے معدنی وسائل ہیں، بلوچستان قدرتی و معدنی وسائل سے مالا مال ہے، ایس آئی ایف سی کوئی نیا تصور نہیں بلکہ پرانا قومی خواب ہے جس پر اب عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ وقت آ گیا ہے پاک فوج سمیت تمام اداروں کے تعاون سے معاونت، سہولت، حوصلے اور ادراک سے پرانے قومی خواب کو شرمندہ تعبیر کریں، کسی ادارے نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام کی اجتماعی ملکیت ہے، سب مشترکہ طور پر کردار ادا کریں گے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا منقسم ماحول میں کوشش کریں گے سیاست و قانون میں فرق رکھیں، قانون کی حکمرانی اور رول آف آرڈر ہو، یقینی بنائیں گے رول آف آرڈر پر کسی طور پر سمجھوتہ نہ ہو، کہیں بھی انتشار ہو تو کوئی حکومتی نظام نہیں چل سکتا، اہمیت سے آگاہ ہیں، کسی طور پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، آئی ٹی سیکٹر کو فروغ، اقلیتوں کا تحفظ کریں گے، پاکستان میں تمام مذاہب و عقائد کے لوگوں کے حقوق برابر ہیں، قانون پر عمل سے ہی ملک میں قانون کی حکمرانی ہوگی، قائد و اقبال کے ویژن پر عمل کرکے ملکی ترقی میں کردار ادا کریں گے، قدامت پسند رجحانات کی کسی بھی شکل کی سختی سے مذمت کرتے ہیں، معاشرے میں مذہبی انتہاپسندی کی کوئی گنجائش نہیں، اسکی حوصلہ شکنی کریں گے، قدامت پسندی خواہ مذہبی ہو یا سیکولر یا کسی اور شکل میں خیرمقدم نہیں کیا جاسکتا، قانون سے روکا اور کنٹرول کیا جائےگا۔

نگران وزیراعظم نے کہا پاکستان کو بڑے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، قابل نگران ٹیم کی معاونت سے مالیاتی نظم و ضبط قائم کریں گے، ٹیکس پیئر کے پیسے کی اہمیت کا اندازہ ہے، حکومت کی ہر سرگرمی کا پیسہ عوام دیتے ہےں، مالی ڈسپلن لائیں گے۔

دریں اثنا نگران وزیراعظم سے نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے ملاقات کی۔ انوار الحق کاکڑ نے علی مردان ڈومکی کو نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نامزد ہونے پر مبارکباد دی۔

علاوہ ازیں صدر آزاد ریاست جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری بھی ملے، نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل قراردادوں کے تحت کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق استصوات رائے کے ذریعے تنازع کے حل تک حمایت جاری رکھے گا۔

نگراں وزیراعظم نے صدر آزاد جموں و کشمیر کو پاکستان کی جانب سے غیر مشروط حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔