یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے حوالے سے نجی ہسپتالوں کو بھی مانیٹر کیا جارہا ہے :ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم سے آپکا کلینک پر چیئرمین سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی شعیب جاوید حسین نے ملاقات کی۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، ڈویژنل ہیڈ سٹیٹ لائف محمد اشعر اور ریجنل ہیڈ ڈاکٹر نور موجود تھے۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور چیئرمین اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے درمیان صحت کارڈ کی سروسز میں مزید بہتری کیلئے تبادلہ خیال ہوا۔ڈاکٹر علی رزاق نے صوبہ بھر میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے ذریعے عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے ثمرات اصل حق داروں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے۔ پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے حوالے سے نجی ہسپتالوں کو بھی مانیٹر کیا جارہا ہے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پوری دنیا میں امیر غریبوں اور صحت مند افراد بیماروں کی کفالت کرتے ہیں۔ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں شفافیت کا نظام لا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر جاوید اکرم سے ”آپکا کلینک“ پر ڈاکٹرز کی سینئر لیڈرشپ نے ملاقات کی۔اس موقع پر گیٹس فارما سیوٹیکل کمپنی سے جمن خان، پروفیسر محسن آفتاب، پروفیسر خالد محمود، ڈاکٹر شافیہ طیب، کیپٹن (ر) ارشد ہمایوں، ڈاکٹر شاہد، ڈاکٹر طاہر مجید، ڈاکٹر عبدالر¶ف، ڈاکٹر خواجہ ارشد، ڈاکٹر شہریار، ڈاکٹر طارق منیر، ڈاکٹر جاوید میاں اور ڈاکٹر سعید موجود تھے۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور ڈاکٹرز کی سینئر لیڈرشپ کے درمیان صوبہ بھر میں اتائیوں کے خلاف جہاد بارے تبادلہ خیال ہوا۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پنجاب میں اتائی معصوم انسانیت کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ اتائیوں کی نااہلی کے باعث پنجاب میں کئی معصوم جانوں کا نقصان ہو چکا ہے۔اس مقصد کیلئے ڈاکٹرز کی سینئر لیڈرشپ کے ساتھ ایک برین سٹارمنگ ہوئی ہے۔ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو صوبہ بھر میں اتائیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام کو اتائیوں سے بچانے کیلئے آگاہی مہم چلا رہے ہیں۔ بدقسمتی کے ساتھ اتائی مریضوں کی سرجریاں بھی کررہے ہیں۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پنجاب کی عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے اتائیوں کے خلاف ایکشن لینا ضروری ہے۔