نشہ کے عادی افراد کی بحالی کیلئے ”روشن گھر“ کے نام سے سنٹر بنائیں گے :ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیرصحت ،سوشل ویلفیئروبیت المال ڈاکٹرجاویداکرم نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کا تفصیلی دورہ کیا۔ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر ایک اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان سمیت اعلیٰ افسران پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ و دیگر محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے اجلاس کے دوران لاہورکی شاہراں پر موجود نشہ کے عادی افرادکی بحالی کیلئے اقدامات کاتفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ افسران نے نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم کو اس حوالے سے بریفنگ دی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ محکمہ صحت،محکمہ سوشل ویلفیئر وبیت المال اور محکمہ پولیس لاہورکی شاہراں پرموجودنشہ کے عادی افراد کی بحالی میں بنیادی کرداراداکریں گے۔محکمہ سوشل ویلفیئروبیت المال کی جانب سے نشہ کے عادی افرادکی بحالی کیلئے”روشن گھر“کے نام سے سنٹرکاقیام بھی عمل میں لایا جا رہاہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب نے لاہورکی شاہراں پرموجودنشہ کے عادی افرادکی بحالی کی ہدایت کی ہے۔ دریں اثناء نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے گنگارام ہسپتال میں جدیدآرتھو سکوپی اینڈ سپورٹ کلینک کا افتتاح کیا۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر کے صدارتی ایوارڈ کیلئے نامزد اور پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد کا ایچ ای سی کی جانب سے بیسٹ ٹیچر کا اعزاز حاصل ہونے پر منعقدہ اعزازی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت بھی کی۔اس موقع پر وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، رجسٹرار پروفیسر محمد ندیم، ڈینز، پروفیسرز، ایم ایس ڈاکٹر عامر سلیم اور فیکلٹی ممبران موجود تھے۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ گنگارام ہسپتال کے آرتھو پیڈک ڈیپارٹمنٹ میں آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ گنگارام ہسپتال میں آرتھو اینڈ سپورٹ کلینک کا آغاز انتہائی خوش آئند ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ اللہ پاک نے خدمت انسانیت سے بڑا کوئی جذبہ نہیں رکھا۔ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی بہتری مجھے بہت عزیز ہے۔ہماری ساری کاوشوں کے نتیجے میں مریضوں کو صحت کی بہتر سہولیات حاصل ہونی چاہئیں۔ گنگارام ہسپتال میں آرتھو اینڈ سپورٹ کلینک کے آغاز پر مجھے وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل اور ان کی ٹیم پر فخر ہے۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پنجاب میں انسانیت کے دشمن اتائیوں کے خلاف ایکشن لے رہے ہیں۔ سپورٹس انجری کے علاج کی بجائے سپورٹ انجری کی وجوہات پر قابو پانا زیادہ اہم ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پروفیسر بلقیس شبیر اور پروفیسر کامران خالد پاکستان اور فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کیلئے قابلِ فخر ہیں۔ نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں طالبات کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کو شاباش دی۔وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہاکہ دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہوا ہے۔ وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کے ویژن کے مطابق ہیلتھ انفارمیشن میں ڈگری پروگرام شروع کررہے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہاکہ پروفیسر بلقیس شبیر نے سیلاب زدہ علاقوں میں دکھی انسانیت کی بڑی خدمت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر اور پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد نے امتیازی مقام حاصل کرکے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا نام روشن کیا ہے۔