اسلام آباد (بیورو رپورٹ) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وظائف کی ادائیگیوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے بینظیر سوشل پروٹیکشن اکاﺅنٹ کا آغاز کر دیا گیا۔وفاقی وزیر و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)شازیہ مری نے اپنے جاریکردہ بیان میں کہا کہ بینظیر سوشل پروٹیکشن اکاونٹ کا مقصد مستحق خواتین کو موثر ادائیگی کا نظام فراہم کرنا ہے،اگر خواتین کسی بینک کی خدمات سے مطمئن نہیں تو اس پروگرام کے تحت وہ دوسرے بینک میں اپنا اکاﺅنٹ کھول سکیں گی۔انہوں نے بتایاکہ حکومت پاکستان نے ایک سال 5ماہ کی قلیل مدت میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں 72فیصد اضافہ کیا ہے، اضافے کیساتھ مالی سال23-2024کےلئے بجٹ 4سو 71اعشاریہ 68 ارب روپے کر دیاگیا جبکہ مستحقین کی تعداد 72لاکھ سے بڑھ کر 90لاکھ ہوگئی ہے۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے بتایا کہ اب سہ ماہی وظیفہ 7ہزار کی بجائے 8ہزار 750روپے ہے جبکہ بینظیر تعلیمی وظائف بچوں کا اندراج 26لاکھ سے بڑھ کر 70لاکھ 52ہزار ہوا۔انہوں نے اپنے جاری بیان میں بتایاکہ بینظیر نشوونما پروگرام میں توسیع کرکے 15اضلاع سے پورے ملک تک پھیلا دیا گیا،بینظیر نشونما بجٹ میں 285فیصد اضافہ کرکے مستحق افراد کی تعداد 2لاکھ سے بڑھا کر 8لاکھ 50ہزار کر دی گئی جبکہ تاریخ میں پہلی بار خواجہ سراوں کی تکالیف کو سامنے رکھ کر بینظیر کفالت میں شامل کیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ 28لاکھ سیلاب متاثرین میں25ہزار فی خاندان کے حساب سے 70ارب روپے تقسیم کئے گئے،اس کے علاوہ بینظیر انڈر گریجویٹ حاصل کرنے والے طلبا کی تعداد 82ہزار سے بڑھا کر 92ہزار کر دی گئی۔چیئرمین بی آئی ایس پی کے مطابق نئے مالی سال میں بینظیر کفالت میں مزید 3لاکھ خاندانوں کو شامل کرکے تعداد 93لاکھ کرنے، تعلیمی وظائف میں اندراج کو 75لاکھ 52ہزار سے بڑھا کر 92لاکھ تک لے جانے،بینظیر نشو ونما میں رجسٹریشن کی تعداد 7لاکھ 70ہزار سے بڑھا کر 15لاکھ تک لے جانے کا منصوبہ ہے۔
شفافیت یقینی بنانے کیلئے بینظیر سوشل پروٹیکشن اکاﺅنٹ کا آغاز کردیا :شازیہ مری

















