نیویارک (خواجہ فاروق) نیویارک میں یوم استحصال کشمیر پر چھوٹی سے ”احتجاجی“، مظاہرے میں صرف 53 افراد کی شرکت سفارتی ناکامی کی ایک اور بدترین مثال بن گئی۔ تفصیلات کے مطابق نیویارک ٹائم سکوائر پر یوم استحصال کشمیر پر ہونےوالا احتجاج سفارتی نااہلی کی نذر ہوگیا، مظاہرے میں صرف 53 افراد کی شرکت نے ایک بار پھر بدترین سفارتی ناکامی کا پول کھول دیا، احتجاج میں نہ ہونے کے برابر شریک افراد نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور کشمیر کی خصوصی حیثیت کو فوری بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری مودی حکومت کے مظالم فوری بند کرائے، اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کےلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ احتجاجی مظاہرے میں پیپلز پارٹی کے صدر ملک خالد، مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے صدر راجہ رزاق، کشمیر کونسل کے سابق ممبر سردار سوار خان ، سردار امتیاز گڑالوی اور راجہ تاج سمیت خواتین نے شرکت کی۔ پاکستانی امریکن و کشمیریوں نے کہا کہ نیویارک میں تعینات قونصل جنرل عائشہ علی اور اقوام متحدہ میں مستقبل پاکستانی مندوب منیر اکرم نے احتجاج کامیاب کرانے کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا، دونوں ٹھنڈے کمروں تک محدود رہے۔ کمیونٹی نے مزید کہا امریکہ میں تعینات سفارتکاروں نے کشمیری، پاکستانی اور صحافی کمیونٹی کو گروپوں میں تقسیم کر رکھا ہے، ناکام احتجاج جگ ہنسائی کا سبب بنا اور نیویارک میں بھارتی قونصل جنرل آفس میں خوشی کا اظہار کیا گیا، پاکستانی امریکن و کشمیریوں نے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا، معاملے پر عائشہ علی اور منیر اکرم سے موقف لینے کی کوشش کی گئی مگر رابطہ نہ ہوسکا۔
نیویارک میں یوم استحصال کشمیر پر صرف چھوٹی سے ”احتجاجی“



















