ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے میثاق معیشت ناگزیر ہے،اسحاق ڈار

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیرخزانہ سینیٹراسحاق ڈارنے کہاہے زراعت،معدنیات اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے ترقی کے انجن ہیں، حکومت ملک میں کاروبارمیں آسانی اورسرمایہ کاری میں اضافے کیلئے اقدامات کررہی ہے، پائیداراقتصادی نمو اورملکی ترقی وخوشحالی کیلئے میثاق معیشت ضروری ہے، استحکام سے نمو کی طرف جارہے ہیں،ان خیالات کااظہارانہوں نے پائیدارگورننس اورمعدنی ترقی پروزارتی ڈائیلاگ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اسحاق ڈار نے کہاحکومتی اقدامات سے بنیادی افراط زرمیں کمی آرہی ہے، 2ہفتے قبل شہری علاقوں میں بنیادی افراط زر 19 فیصد اوردیہی علاقوں میں 17فیصد سطح پرتھا، اقتصادی ٹیم کا اندازہ ہے آنیوالے 2سالوں میں بنیادی افراط زر7 فیصد کی سطح پرآجائیگی ،پالیسی ریٹ بھی کم ہوجائیگا۔