اسلام آباد(بیورورپورٹ) توشہ خانہ فوجداری کیس سیاسی بنیادوں پر دائر کیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے 342 کا بیان قلمبند کرا دیا۔
سابق وزیراعظم نے کیس میں خود بطور گواہ پیش ہونے کی بجائے اپنے حق میں گواہ لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا استغاثہ کے دونوں گواہ وفاقی حکومت کے کٹھ پتلی تھے، سیاسی بنیادوں پر دائر کیا گیا کیس ہے، پی ڈی ایم حکومت مجھے الیکشن کی دوڑ سے باہر کرنا چاہتی ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہمایوں دلاور کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہامیں نے شکایت کنندہ کے بیانات نہیں سنے ،میری موجودگی میں فردجرم عائد نہیں کی گئی، عدالت نے خود ہی میرا نمائندہ مقرر کردیا، تاہم نمائندے کا موقف ٹھیک طرح نہیں لکھا گیا، الیکشن کمیشن نے شکایت دائر کرنے کےلئے کسی کو نامزد نہیں کیا، شکایت 120 دنوں کے بعد دائر کی گئی۔
سابق وزیراعظم نے کہاتمام اثاثہ جات الیکشن کمیشن میں جمع کرائے ، قانون میں نہیں لکھا تحائف کے نام جمع کرائے جائیں، فارم بی میں تحائف کے نام لکھنے کا کالم موجود ہی نہیں، گواہوں نے تحائف کی مالیت کا چالان بھی جمع نہیں کرایا، دستاویزات کو تصدیق کیا گیا نہ شہادت لی گئی،چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکسی فرد نے دستاویزات کا بطور گواہ اقرار نہیں کیا، بینک ریکارڈ وصول کرنےوالے اور کابینہ ڈویژن سے کسی گواہ کو پیش نہیں کیا گیا،درست نہیں میں نے جھوٹا بیان اور ڈکلیئریشن جمع کرایا،70سال کی تاریخ میں الیکشن کمیشن یا نیب نے توشہ خانہ ریکارڈ کبھی مانگا؟ شکایت کنندہ پر لازم ہے ثابت کرے تحائف میرے پاس تھے جو ثابت نہیں کیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہااس وقت کے ملٹری سیکرٹری بریگیڈیئر وسیم چیمہ کو بطور گواہ بلایا جاسکتا ہے ، ملٹری سیکرٹری کے ذریعے تحائف فروخت کئے، تحائف میں نے خود فروخت نہیں کئے تھے،کیس سمیت 180 مقدمات بنائے گئے ،9مئی واقعات کے بعد لیڈرشپ اور ہزاروں کارکن جیلوں میں ہیں، یقینی بنایا جارہا ہے پی ٹی آئی الیکشن میں حصہ نہ لے سکے۔
سابق وزیراعظم نے کہا استغاثہ میرے خلاف کیس ثابت کرنے میں ناکام رہی اس لیے مجھے خود بطور گواہ پیش ہونے کی ضرورت نہیں،استغاثہ کے الزامات کیخلاف اپنا دفاع پیش کروں گا،بیان قلمبند ہونے کے بعد عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی سے گواہوں کی فہرست طلب کرتے ہوئے سماعت بدھ تک ملتوی کر دی۔
دریں اثناتوشہ خانہ کیس کا ٹرائل روکنے کی چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل سماعت کےلئے مقرر کر دی گئی،سپریم کورٹ نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ تشکیل دےدیا، بنچ میں جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس مسرت ہلالی بھی شامل ہیں، بنچ بدھ دن ساڑھے 11بجے کیس کی سماعت کرے گا۔
دوسری جانب جناح ہاو¿س حملہ کیس کی تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو دوبارہ طلب کر لیا،پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین کو 4 اگست کو جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کردی گئی، چیئرمین پی ٹی آئی کو تھانہ سرور روڈ سمیت تمام نامزد مقدمات میں طلب کیا گیا ۔
علاوہ ازیںاسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف کی سائفر انکوائری کالعدم قرار دینے کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر دیئے،چیف جسٹس عامر فاروق نے محفوظ فیصلہ سنایا۔
توشہ خانہ کیس سیاسی،مقصد الیکشن سے آﺅٹ کرنا ہے،چیئرمینPTI، بیان قلمبند

















