پاک چین تعاون کانیا دور شروع،دوستی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں،شہبازشریف،ہی لی فینگ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں معاہدے، مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردئیے گئے جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے ایک بار پھر واضح کیا، پاک چین دوستی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائےگی، پاکستان مشترکہ ترقی و خوشحالی کیلئے صدر شی جن پنگ کے نظرئیے و تصورات کےساتھ کھڑا ہے، سی پیک کے تحت پاکستان میں بجلی، سڑکوں کے انفرسٹرکچر، پن بجلی، پبلک ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں میں 25 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری ہوئی، سی پیک کا دوسرا مرحلہ نئے ماڈل کے تحت آگے بڑھائیں گے، پاکستان، چین دوستی کے بے مثال رشتوں میں بندھے، دونوں ممالک سداا بہار دوست، آہنی بھائی ہیں، دوستی برقرار رہے گی۔

پاکستان، چین کے درمیان مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کی تقریب وزیراعظم ہاﺅس میں ہوئی۔ تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف ،چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان، چین نے دوطرفہ تعاون کے فروغ کےلئے معاہدوں ،مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے۔ علاوہ ازیں سٹرٹیجک ایم ایل ون منصوبے کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہبازشریف نے چینی وفد کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے کہا سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر چین کے اعلیٰ سطحی وفد کے دورہ پاکستان پر چینی قیادت کے شکر گزار ہیں، 10 برس قبل اسوقت کے وزیراعظم نوازشریف، چینی صدر شی جن پنگ نے سی پیک پر دستخط کئے تو معاہدے پر دستخطوں کی سیاہی خشک ہونے سے پہلے ہی عملدرآمد شروع ہوا۔

شہبازشریف نے کہاسی پیک کے تحت پاکستان میں بجلی، سڑکوں کے ڈھانچے، پن بجلی و پبلک ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں میں 25 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری ہوئی۔ معاہدوں ،ایم او یوز پر دستخطوں کے بعد سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئے، دونوں ممالک کے درمیان نئے ماڈل کے تحت اقتصادی تعاون کومزید فروغ حاصل ہوگا، دوسرے مرحلے میں بزنس ٹو بزنس حکمت عملی کے تحت زراعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں سرمایہ کاری کی جائےگی۔ پاکستان چین کی معاونت سے چینی معیار کے مطابق برآمدات کو یقینی بنائےگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کےساتھ عوامی رابطوں کے فروغ کےلئے نائب وزیراعظم کو خصوصی ایلچی کے طور پر پاکستان بھیجنے پرچینی صدر شی جن پنگ کے شکر گزار ہیں، چینی صدر نے دنیا کو دکھایا پاکستان ،چین دوستی کے بے مثال رشتوں میں بندھے ہیں۔ چین، پاکستان صدا بہار دوست و آہنی بھائی ہیں،دوستی برقرار رہے گی، کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائےگی،

شہبازشریف نے کہا ایم ایل ون ، کراچی سرکلر ریلوے اہم منصوبے ہیں، یقین ہے کامیابی سے مکمل ہوں گے۔ قربانی، سخت محنت و کوششوں سے اپنے پاﺅں پر کھڑے ہونا چین ،چینی صدر شی جن پنگ کا ماڈل ہے، بابائے قوم قائد اعظم کے ویژن کے مطابق ملک میں ترقی وخوشحالی لانے کےلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف سے چینی صدر شی جن پنگ کے خصوصی نمائندہ، چین کے نائب وزیراعظم اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی سینٹرل کمیٹی کے پولٹبیورو کے رکن ہی لی فینگ نے ملاقات کی، فریقین نے پاکستان ،چین کے تعلقات کے متعدد پہلووں، بشمول چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) و دوطرفہ اقتصادی و مالیاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ کا وزیر اعظم ہاوس پہنچنے پر گرمجوشی سے استقبال کیا۔

وزیر اعظم نے کہاچین پاکستان میں 2022 کے تباہ کن سیلاب و پاکستان کو درپیش موجودہ معاشی چیلنجز بالخصوص آئی ایم ایف کےساتھ معاہدے کو حتمی شکل دینے جیسے مشکل اوقات میں پاکستان کے شانہ بہ شانہ کھڑا رہا۔ چینی نائب وزیراعظم ہی لی فینگ نے پاکستان ،چین کی سٹرٹیجک شراکت داری، دوستی اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو اُجاگر کیا، دونوں ممالک کے درمیان اشتراک میں توسیع پر زور دیا اور پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی، خوشحالی میں چین کے مستقل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔


لاقات میں دونوں ممالک کے رہنماو¿ں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی پاکستان، چین کی مشترکہ معاشی و اقتصادی ترقی میں مرکزیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی 10 سالہ سالگرہ منصوبے کو ازسرنو توسیع دینے کا سنہری موقع ہے، دونوں رہنماوں نے علاقائی مسائل اور اپنے قومی مفادات کے تحفظ پر ایک دوسرے کی حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔

بعدازاں چین پاکستان اکنامک کوریڈور کی 10 سالہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہورہے ہیں، دوسرے مرحلے میں سپیشل اکنامک زونز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، سی پیک کا دوسرا مرحلہ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرےگا۔ شہبازشریف نے کہا سی پیک کی 10 سالہ تقریبات میں شرکت پر چین کے نائب وزیر اعظم کا شکر گزار ہوں، باجوڑ سانحہ کے باعث سی پیک کی تقریبات کو سادگی سے منا رہے ہیں، دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، دن دونوں ممالک کیلئے یادگار دن ہے۔ چین، پاکستان آئرن برادر ہیں، چین نے ترقی کا سفر ہمت سے طے کیا۔

وزیراعظم نے کہاچین ،پاکستان کے درمیان منفرد دوستی کا آغاز ہوا، شہید ذوالفقار بھٹو نے چین ،پاکستان کی دوستی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا، صدر شی جن پنگ نے دورہ پاکستان کے موقع پر سی پیک کا تحفہ دیا، سی پیک کے بہت سے منصوبوں کو وقت سے پہلے مکمل کیا، چند منصوبوں پر ابھی بھی کام جاری ہے جو تکمیل کے مراحل میں ہے، توانائی بحران ختم کرنے میں سی پیک نے اہم کردار ادا کیا، توانائی بحران پر قابو پانے کے بعد پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوا، سی پیک کے تحت 25 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری ہوئی، لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع ملے۔ چینی قیادت نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دوستی کو نبھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ چین، پاکستان ملکر سی پیک کے ذریعے فاصلوں کو سمیٹ رہے ہیں، گوادر پورٹ آئندہ آنیوالے دنوں میں مصروف ترین بندرگاہ ہوگی۔

شہبازشریف نے کہاحکومت گوادر کی ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، گوادر میں بجلی ، پینے کے پانی کا مسئلہ حل ہو چکا ، مشکل وقت میں ساتھ دینے پر چین کے شکر گزار ہیں، چین نے 4ماہ کے دوران پاکستان کی بھرپور مدد کی، چینی قیادت ،عوام کی جانب سے کی گئی مدد کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ آئی ایم ایف معاہدے کے دوران چین ،دوست ملکوں کی مدد پر شکر گزار ہیں۔

چینی نائب وزیر اعظم ہی لی فینگ نے کہا سی پیک دونوں ممالک کے درمیان اہم منصوبہ ہے، خطے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوا، پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند ، سمندر سے گہری ہے، سی پیک کی دس سالہ تقریب میں شرکت سے خوشی ہوئی، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کاحصہ اور دونوں ممالک کے درمیان فلیگ شپ پراجیکٹ ہے۔

ہی لی فینگ نے مزید کہاسی پیک نے دونوں ممالک کے مفاد کو نئی جلا بخشی، منصوبہ پاک چین دوستی کے نئے دور کا آغاز ہے، دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ و تاریخی تعلقات ہیں۔ پاکستان ، چین اچھے پڑوسی، دوست اور پارٹنر ہےں، سی پیک کے تحت پاکستان میں سڑکوں کے جال بچھائے گئے، جاری منصوبے دونوں ممالک کے باہمی اعتماد کا مظہر ہیں، سی پیک کے تحت اربن ریلوے، فائبر آپٹیکل کے منصوبوں کو عمل جامہ پہنائیں گے، دوسرے مرحلے میں طویل مدتی منصوبوں کا آغاز ہوگا۔ انڈسٹری، کلچر اور صحت کے شعبوں میں مزید تعاون کی ضرورت ہے، دوستانہ تعلقات کو مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ چین پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانا چاہتا ہے۔