بلوچستان اور پاکستان کا مستقبل محفوظ و ذمہ دار ہاتھوں میں ہے،وزیراعظم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کا دیگر اکائیوں کے برابر ترقی نہ کرنا باعث شرم ہے، وسائل پر پہلا حق صوبے کے عوام کا ہے، ترقی کے حوالے سے میرا نظریہ لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے سے جڑا ہے، بلوچستان اور پاکستان کا مستقبل محفوظ و ذمہ دار ہاتھوں میں ہے۔

وزیراعظم نے اپنی ٹوئٹ میں کہا گزشتہ روز گوادر میں ترقی، انفراسٹرکچر و تعلیمی منصوبوں کی سیریز کا افتتاح، سنگ بنیاد رکھا۔ تقاریب میں وزرا، آرمی چیف، نیول چیفس، گورنر اور وزیراعلیٰ سمیت دیگر نے شرکت کی۔ گوادر کی ترقی کے منصوبے خطے کی تقدیر بدل دیں گے۔

شہبازشریف نے کہا اِکا دُکا کوششوں کے باوجود بلوچستان اجتماعی غفلت کا نشانہ بنا، ترقی لوگوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے سے جڑی ہے، عوام کی فلاح، سماجی و اقتصادی بہبود ہی حقیقی ترقی کا مرکزبنتی ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق صوبے کے عوام کا ہے، صوبے کے بچوں کی زندگیوں میں بہتری آئےگی تو ترقی کے مالک ہوں گے، سیلاب کے دوران بلوچستان کے تمام متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے حالات کا خود مشاہدہ کیا۔ شہبازشریف نے کہا لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران بلوچستان کے نوجوانوں سے ملاقات دورے کا اہم حصہ تھا، نوجوانوں کے چمکتے و دھمکتے چہروں نے یقین دلایا بلوچستان اور پاکستان کا مستقبل محفوظ و ذمہ دار ہاتھوں میں ہیں۔

دریں اثنا یومِ عاشور پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا عاشورہ محرم دنیا بھر کے مسلمانوں کےلئے گہری روحانی اہمیت رکھتا ہے۔ حضرت امام حسین کی قربانی غیر متزلزل ایمان، راست بازی اور انصاف کے حصول کا انمول سبق سکھاتی ہے، دن یاد دلاتا ہے ظلم و جبر کےخلاف کھڑا ہونا مسلمان کا اخلاقی فرض ہے۔

شہباز شریف نے کہا یوم عاشور یاد دہانی ہے انصاف، مساوات اور انسانی وقار کےلئے جدوجہد کو غیرمتزلزل عزم سے ہمکنار ہونا چاہئے، حضرت امام حسین کی قربانی سکھاتی ہے حق و انصاف کےلئے کھڑا ہونا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا۔

وزیراعظم نے کہا قوم اور پوری اُمت مسلمہ کو جن چیلنجوں، آزمائشوں کا سامنا ہے، اس میں حضرت امام حسین کی قربانی سے سبق حاصل کرنا چاہئے، یاد رکھیں حق و مقاصد کے حصول کی راہ میں رکاوٹیں صرف ثابت قدمی، قربانی اور اولوالعزمی سے ہی دور ہو سکتی ہیں۔
شہبازشریف نے کہا آئیے اپنی روزمرہ زندگی میں حضرت امام حسین اور ساتھیوں کی عظیم مثال کی تقلید کرنے کی کوشش کریں، مثال معاشرے میں روشنی کے مینار و بہترین نمونہ ہیں۔