لاہور (نمائندہ خصوصی)نیب نے پرویز الٰہی اور بیٹے مونس الٰہی کےخلاف گھیرا تنگ کردیا ،دونوںکی جائیدادوں، گاڑیوں سمیت تمام اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلی گئیں،نیب نے پرویز الٰہی ، اہلیہ، مونس ،راسخ الٰہی کی پراپرٹیز ،اثاثوں کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔
قومی احتساب ادارہ مونس الٰہی کےخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری شروع کرےگا،نیب حکام نے اثاثوں کے ریکارڈ کےلئے ڈپٹی کمشنرز اور ایکسائز افسروںکو خط لکھ دیا۔
دوسری جانب پرویز الٰہی کو پیش نہ کرنے پر انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس پنجاب، آئی جی جیل اور ہوم سیکرٹری کی تنخواہ روکنے کا حکم لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا،لاہور ہائی کورٹ میں درخواست تینوں افسروں کی جانب سے دائر کی گئی،درخواست میں موقف اپنایا گیا سپیشل کورٹ سینٹرل کا حکم غیر قانونی ہے، پرویز الٰہی کی ضمانت کے بعد متعلقہ عدالت کا کام ٹرائل کرنا ہے، نظر بند شخص کی طلبی کا اختیار صرف ہائیکورٹ کو ہے،عدالت سپیشل کورٹ سینٹرل کے 26 اور 21 جولائی کے احکامات کو کالعدم قرار دے۔
ادھر لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی۔
چودھری پرویزالٰہی فیملی کیخلاف نیب تحقیقات کادائرہ وسیع
















