لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر زخمی اور غازی اہلکاروں کے علاج معالجے و جلد بحالی کیلئے بھرپور اقدامات جاری ہیں اور اسی سلسلے میں 25 افسران و اہلکاروں کو طبی اخراجات کیلئے 52 لاکھ روپے دے دئیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ویلفیئر کمیٹی کی جانب سے بھجوائے گئے کیسوں پر فنڈز جاری کرنے کے احکامات جاری کئے۔، تفصیلات کے مطابق ڈی پی او میانوالی مطیع اللہ خان کو علاج معالجے کیلئے 5 لاکھ روپے دئیے گئے، کانسٹیبل طاہر محمود اور کانسٹیبل ساجد نعیم کو فی کس 5 لاکھ روپے دئیے گئے۔ زخمی کانسٹیبل نصر اللہ کو ساڑھے 3 لاکھ، کانسٹیبلان آصف علی اور ثمر سئیس کو فی کس 3 لاکھ روپے دئیے گئے۔ زخمی اے ایس آئی مظہر اقبال کو اڑھائی لاکھ، 7 اہلکاروں کو فی کس 2 لاکھ جبکہ 11 اہلکاروں کو ایک لاکھ فی کس دئیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے افسران و اہلکاروں کے علاج و بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے کسی افسر یا اہلکار کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز ماتحت سٹاف کی طبی امداد کے کیسز مکمل دستاویزات کے ساتھ سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ویلفیئر برانچ میں کمپن سیشن ایوارڈ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، مختلف اضلاع سے میڈیکل گرانٹ کیلئے بھجوائی گئی27 درخواستوں پر تفصیلی غورو حوض کیا گیا۔ دریں اثناءانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور چھٹی کے روز شہریوں کے مسائل کے ازالے کیلئے سرگرم رہے۔ ڈاکٹر عثمان انور کا 1787 کمپلینٹ سنٹر کا دورہ، لاہور سمیت مختلف اضلاع سے موصول شکایات سن کر ازالے بارے احکامات جاری کئے۔ آئی جی پنجاب نے ملتان کے شہری محبوب اکرم اور اوکاڑہ کے سید علی سے بذریعہ ٹیلی فون گفتگو کی۔ملتان کے شہری محبوب اکرم کی درخواست پر آئی جی پنجاب نے ایس پی صدر ملتان کو ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کا ٹاسک دیا۔ اوکاڑہ میں شہری سید علی کا ڈکیتی میں لوٹا گیا مال برآمد کرنے کیلئے ایس پی انویسٹی گیشن اوکاڑہ کو ذاتی نگرانی میں اقدامات کا حکم دیا۔ حافظ آباد کے شہری فہد محمود کی درخواست پر آئی جی پنجاب نے ڈی پی او حافظ آباد کو قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے میو ہسپتال لاہور کا دورہ کیا اور برن یونٹ میں زیر علاج ٹریفک وارڈن عدنان سے ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے گذشتہ روز شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آتشزدگی سے جھلسنے والے ٹریفک وارڈن عدنان کی عیادت کی، آئی جی پنجاب نے ٹریفک وارڈن عدنان کی خیریت دریافت کی، جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر عثمان انور کی ڈاکٹرز کو ٹریفک وارڈن عدنان کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے ٹریفک وارڈن عدنان کے بھائیوں اور دیگر اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ فرائض کی ادائیگی اور دوران حادثات زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے، آئی جی پنجاب نے سی ٹی او لاہور کو ٹریفک وارڈن عدنان کی جلد صحت یابی کیلئے بھرپور خیال رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عدنان کے بہترین علاج معالجے اور جلد از جلد صحت یابی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔
آئی جی پنجاب کے احسن اقدام، زخمی اہلکاروں کیلئے 52 لاکھ جاری، شہداءکے اہل خانہ کو نئے گھر دیدئیے

















