لاہور (اپنے رپورٹر سے)گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب نائب صدر میاں انجم نثار نے گورنر ہاﺅس لاہور میں ملاقات کی جس میں ملک کی معاشی صورتحال اور مختلف صنعتوں سے وابستہ تاجروں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب نے میاں انجم نثار کو سارک چیمبر کا نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کی اکہ میاں انجم نثار علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے علاوہ سارک کے رکن ممالک کو قریب لانے کیلئے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا ءکو ایک خوشحال اور معاشی طور پر مربوط خطہ بنانے کیلئے سارک ممالک کے درمیان علاقائی تجارت کو بہتر بنانے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے۔ ملک کی معاشی ترقی اور استحکام کیلئے تاجر برادری کا کردار اہم ہے۔حکومت ملکی معیشت کی مضبوطی اور تجارت و صنعت کے فروغ کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مخلصانہ کوششوں سے ملکی معیشت کو بحران سے نکالا ہے،ملکی معیشت میں استحکام کے آثار دکھائی دے رہے ہیں جو ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خوش آئند ہے۔میاں انجم نثار نے کہا کہ جنوبی ایشیا ءمیں سرحد پار تجارت کو بہتر بنانے کیلئے پیداوار اور برآمدی عمل کی تنظیم نو بہت ضروری ہے۔ جنوبی ایشیا ءاپنے متنوع وسائل اور ہنر مند افرادی قوت کی بدولت دنیا کو سب سے تیزی سے برآمد کرنے والا خطہ بننے کی زبردست صلاحیت رکھتا ہے۔ سیاحت، زراعت، ماہی گیری، تجارت اور بہت سے شعبوں میں سارک ممالک کے ساتھ اشتراک کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
حکومت نے مخلصانہ کوششوں سے ملکی معیشت کو بحران سے نکالا : بلیغ الرحمن

















