پی ڈی ایم کی مزید ضرورت نہیں،انتخابات وقت پر ہوں گے،فضل الرحمن،دبئی مذاکرات پر اعتماد میں نہ لینے پرن لیگ سے نالاں

پشاور(بیورورپورٹ)دبئی مذاکرات پر اعتماد میں نہ لینے پر فضل الرحمن نالاں،ن لیگ سے شکوہ کردیا،سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ پی ڈی ایم فضل الرحمن نے کہادبئی مذاکرات اچانک نہیں بلکہ منصوبہ بندی سے ہوئے ،سب کواعتماد میں لیا جانا چاہیے تھا،پی ڈی ایم میں سوال موجود ہے ن لیگ نے اب تک اتحاد میں شامل جماعتوں کواعتماد میں کیوں نہیں لیا۔

فضل الرحمن نے کہاپیپلزپارٹی پی ڈی ایم کاحصہ نہیں اس لیے مذاکرات کا نہیں پوچھ سکتے،پی ڈی ایم تحریک تھی جس کی اب ضرورت باقی نہیں رہی،عام انتخابات وقت پر ہوں گے، ایک ماہ کے اندر مرکز، سندھ اوربلوچستان میں نگران حکومتیں قائم ہوجائیں گی،

سربراہ جے یوآئی نے مزید کہامعاشی بہتری آناشروع ہوگئی ، دوست ممالک مددکرتے ہوئے پہلا قدم اٹھارہے ہیں، دوسرا قدم سرمایہ کاری ہوگا،چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فضل الرحمن نے کہاچیئرمین پی ٹی آئی امریکہ کوگالی دیتاہے اور یاری بھی گانٹھی جارہی ہے،امریکی پٹھو جعلی کاغذ لہراکرمظلوم بننے کی اداکاری کرتا رہا، امید ہے قوم عام انتخابات میں فتنے سے ملک کومحفوظ رکھے گی۔

فضل الرحمن نے مزید کہا لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید نے ملاقات میں کہا میں آپ کو سینٹ کا رکن اور پھر چیئرمین دیکھنا چاہتا ہوں ،آپ نے سسٹم کے اندر تبدیلی لانی ہے، میں نے انکارکردیا،چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف سنجیدہ جنگ لڑی۔