عید الاضحی ہمیں ایثار، قربانی، محبت اور رواداری کا درس دیتی ہے: راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ عید الاضحی ہمیں ایثار، قربانی، محبت اور رواداری کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے جنہوں نے اللہ تعالی کی رضا کی خاطر اپنے بیٹے کو قربان کرنے کا ارادہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الاضحی کی پر مسرت موقع پر پوری مسلم امہ اور خصوصاً پاکستانی عوام کو مبارکباد دیتے ہوے اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا جو جمعرات کے روز پورے ملک میں نہایت مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے دین اسلام کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر پوری قوم کو اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ہم ذاتی مفاد، اور دنیاوی لالچ کی بجائے محبت، ایثار اور رواداری سے سرشار ہو کر اپنے ارد گرد ضرورت مندوں اور بے سہارا لوگوں کی مدد کریں اور عید کی اس پرمسرت موقع پر انکو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا نا بھولیں۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ عید الاضحی ہمیں حضرت ابراہیم علیہ سلام کی دین اسلام کی خاطر دی گئی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عید الاضحی کی خوشیوں میں غربائ اور مساکین کو برابر کا شریک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے حضرت ابراہیم علیہ السلام جیسا جزبہ ایثار پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید الضحی ہمیں اس بات کا درس دیتی ہے کہ دین اسلام اور اپنے ملک کی خاطر کس بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔