راولپنڈی(بیورورپورٹ)بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے 2شہری شہید جبکہ ایک کو شدید زخمی کر دیا،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے بھارت کی جانب سے 11بجکر 55منٹ پر لائن آف کنٹرول کے سیکٹر ستوال میں اندھا دھند فائرنگ کی گئی، بھارتی فورسز نے چرواہوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا، شہید ہونے والوں میں عبید قیوم اور قاسم شامل ہیں، دونوں کا تعلق ضلع پونچھ کے گاوں بارہ دری سے ہے،آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے معصوم کشمیریوں کے ساتھ معمول کا غیر انسانی رویہ اپنایا گیا، بھارت منصوبے کے تحت جھوٹے، من گھڑت بیانیے کی تسکین کیلئے معصوم جانوں کے درپے ہے، پاکستان، بلااشتعال فائرنگ کے معاملے پر شدید سراپا احتجاج ہے، لائن آف کنٹرول پر کشمیریوں کی جانوں کے تحفظ کو ملحوظ رکھیں گے،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا ہے پاکستان اپنی مرضی کے انتخاب کے مطابق جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، بھارت کو کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کے احترام کی یاد دہانی کرائی گئی ہے، کشمیریوں کی زمینوں پر کاشتکاری کا ناقابل تنسیخ حق بھی کشمیریوں کا ہے۔
بھارتی فوج کی جارحیت، ایل او سی پربلااشتعال فائرنگ،2شہری شہید،ایک زخمی

















