سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج میں کوتاہی برداشت نہیں کرینگے :ڈاکٹرجاویداکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے میوہسپتال میں سٹوڈنٹ فیسیلی ٹیشن سنٹر کا دورہ کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز اور ایم ایس لیڈی ولنگڈن ڈاکٹر زوہرہ خانم بھی ہمراہ تھیں۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے سٹوڈنٹ فیسیلی ٹیشن سنٹر میں طلباءو طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے اس حوالے سے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو بریفنگ دی۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا بہتر علاج ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں کے دورے جاری رہیں گے۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، ایم ایس میووہسپتال ڈاکٹر منیر احمد ملک اور ایم ایس لیڈی ولنگڈن ہسپتال ڈاکٹر زوہرہ خانم کی خدمات کو بے حدسراہا۔ دریں اثناءنگران صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم ڈی جی سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے دفتر پہنچ گئے۔سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ظہور حسین نے نگران صوبائی وزیر صحت و سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈاکٹر جاوید اکرم کو پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے خوش آمدید کہا۔ سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ظہور حسین نے نگران صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم کو تمام افسران کا تعارف کروایا اور محکمہ کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔ نگران صوبائی وزیر صحت و سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی ورکنگ میں مزید بہتری لانے کی پوری کوشش کریں گے۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی قیادت میں کابینہ بغیر تنخواہ لئے عوام کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں۔ صوبائی سیکرٹری ظہور حسین کی قیادت میں محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال بہت اچھا کام کر رہا ہے۔ دنیا میں خدمت انسانیت سے بڑا کوئی جذبہ نہیں ہے۔ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال دکھی انسانیت کی مشکلات دور کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ اللہ پاک نے خدمت انسانیت کرنے والے شخص کیلئے بڑے درجات رکھے ہیں۔ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کو انشائ اللہ عوام کیلئے مزید سودمند بنائیں گے۔ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے زیر اہتمام تمام پروگرامز میں بہتری لائیں گے۔ اللہ پاک کا شکر ہے کہ مجھے کئی ممالک میں خدمت انسانیت کرنے کا موقع ملا ہے۔ جسٹس اکرم روڈ پر آپکا کلینک چلارہے ہیں۔ آپکا کلینک کے ذریعے مریضوں کو ٹیسٹوں اور ادویات کی مفت سہولت فراہم کررہے ہیں۔ سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ظہور حسین نے اس موقع پر کہا کہ نگران صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم کے ویڑن کے مطابق محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال میں بہتری لائیں گے۔ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال دکھی انسانیت کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے پیش پیش ہے۔