لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے مقامی ہوٹل میں پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام وائس چانسلرز کی لیڈر شپ اینڈ مینجمنٹ کے عنوان پر منعقدہ کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ چار روزہ لیڈر شپ کانفرنس کا افتتاح نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کیا۔اس موقع پر چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر اور مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔ چیئرپرسن پی ایچ ا ی سی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے وائس چانسلرز کی لیڈر شپ کانفرنس کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ انتظامی صلاحیتوں کوبروئے کار لاکر جامعات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ پی ایچ ای سی کی جانب سے وائس چانسلرز لیڈر شپ اینڈ ٹریننگ کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن بھی ڈاکٹرز کیلئے لیڈرشپ پروگرام متعارف کروا رہا ہے۔ دریں اثناءنگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے یونیورسٹی آف لاہور میں مینجمنٹ اینڈ ڈی ایسکیلیشن آف وائیلنس کے عنوان پر منعقدہ ٹریننگ سیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر ثاقب عزیز، ایم ڈی ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈائریکٹر لاہور کالج ڈاکٹر مہوش، ڈاکٹر زاہد پرویز, عالمی ادارہ صحت سے ڈاکٹر جمشید، صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور چیپٹر پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی، ڈاکٹر مشتاق سلہریا، پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر نورین اکمل، پروفیسر بلقیس شبیر، لبنیٰ مظہر اللہ اور طلباءو طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ڈاکٹر مریض کا علاج کرتا ہے اور اللہ مکمل شفاءدیتا ہے۔ مریضوں کی دعائیں ہی ایک ڈاکٹر کی سب سے بڑی دولت ہوتی ہیں۔کسی بھی ہسپتال میں ڈاکٹروں پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ کسی سرکاری ہسپتال میں آج تک ہاو¿س فل کا بورڈ نہیں لگا۔ صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ ہمیں ہسپتال آنے والے ہر مریض کو اپنا مریض سمجھنا ہوگا۔ بطور ڈاکٹر کمیونٹی کی سربلندی کیلئے دہشت گردی کے مقدمات بھی بھگتے ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ حضرت محمدمیرے رول ماڈل تھے، ہیں اور رہیں گے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیشہ صبر کی تلقین کی۔ صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ آج ہونے والی کانفرنس ایک خواب کی تکمیل ہے۔ پنجاب میں بہت جلد ریفرل سسٹم میں بہتری لائیں گے۔ اللہ پاک نے ایک ڈاکٹر کو مریضوں کی خدمت کرکے دعائیں سمیٹنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے بٹن دبا کر آن لائن ڈیش بورڈ کا افتتاح کیا اور ٹریننگ سیشن کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔
کسی بھی ادارے کو کامیاب بنانے کیلئے لیڈرشپ ضروری ہوتی ہے :ڈاکٹر جاوید اکرم

















