کوئی ہسپتال 6 نرسوں کیساتھ 24 گھنٹے نہیں چل سکتا‘محسن نقوی

لاہور (خبر نگار،ہیلتھ رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مری اور جناح ہال میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا، محسن نقوی نے مریضوں کیلئے ہسپتال میں فراہم کردہ علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا ،ایمرجنسی، او پی ڈی، زچہ بچہ وارڈ، فارمیسی و دیگر شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔

محسن نقوی نے مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولتوں کا استفسار کیا،ہسپتال کے توسیعی منصوبے کی عمارت کا بھی معائنہ کیا ،عمارت کو جلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کی، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال کے بعض شعبوں کی بند ش پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور فی الفور بند شعبے کھولنے کا حکم دیا۔

نگران وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں نرسز کی کمی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کہا نرسز کی کمی کو جلد پورا کرنے کی ہدایت کی اور کہا محکمہ صحت ہسپتال میں نرسوں کی خالی آسامیوں پر فی الفور بھرتی کا عمل شروع کرے،ہسپتال میں نرسز کی منظور شدہ 29 آسامیوں پر صرف 6 کام کر رہی ہیں اور کوئی بھی ہسپتال 6 نرسوں کے ساتھ 24 گھنٹے نہیں چل سکتا،نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مری کی مانیٹرنگ کیلئے کیمرے نان فنکشنل ہونے پر کنٹرول روم کے عملے کی سرزنش کی اور 24 گھنٹے میں کیمروں کو فنکشنل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

محسن نقوی نے کہا مری میں آنے والے سیاحوں کیلئے سہولتیں مزید بہتر بنائی جائیں گی،مری میں سیاحوں کیلئے پارکنگ کی سہولت کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے،محسن نقوی نے اوور چارجنگ کے سدباب کیلئے موثر اقدامات کا حکم دیا، نگران وزیراعلیٰ نے مری میں شہریوں کے مسائل سنے ،فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے۔