عمران خان پاکستان اور عوام کے ساتھ دشمنی کی سزا ضرور بھگتیں گے :رانا تنویر حسین

مریدکے (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر تعلیم اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی نائب صدر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ فرعون بنے بیٹھے عمران خان کی چند روز میں ہی زبان باہر نکل آئی ہے اور مقبولیت کے دعوے تنہائی کے رونے میں تبدیل ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان اور عوام کے ساتھ دشمنی کی سزا ضرور بھگتیں گے اور پاکستان ہر شعبے میں ترقی کرےگا۔سلطان پارک مریدکے میں عوام کے چالیس سالہ مطالبہ کو پورا کرتے ہوئے دربار معصوم شاہ سے نارووال روڈ تک ریلوے روڈ کی تعمیر کے افتتاح کے موقع پر سابق چیئرمین ضلع کونسل شیخوپورہ انجینئر رانا احمد عتیق انور، مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما چوہدری ارشد ورک، سابق وائس چیئرمین بلدیہ رانا ماجد نواز،ضلعی یوتھ ونگ رہنما رانا کاشف الرحمان،فیاض بٹر کے ہمراہ کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ جو شخص بھی ملک اور عوام کے ساتھ غداری کرے گا اس کا انجام عمران خان جیسا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ احسان فراموش عمران خان نے جن لوٹوں کے سہارے اقتدار کے مزے لوٹے آج انہی کے ہاتھوں ذلیل ہورہا ہے۔ مجھے گورنر شپ اور وزارتوں کی پیشکش کی گئی مگر میں نے پارٹی کے ساتھ رہتے ہوئے جیل کو ترجیح دی۔وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستان کے سری لنکا بننے کی دعائیں کرنے والے اسی ملک کو ترقی کی طرف بڑھتے ہوئے شرم سے ڈوب مریں۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان کی تجربہ کار معاشی ٹیم نے پاکستانی معیشت کو تباہی کے گڑھے میں پھینک دیا اور پاکستان کو سری لنکا کی طرح ڈیفالٹ ہونے کی دعائیں مانگنے لگے۔ انہوںنے کہا کہ فتنہ عمرانیہ کے صوبائی وزراءخزانہ نے ملکی معیشت کی تباہی کے لیے مالیاتی اداروںکو خط لکھنے کے اعلانات کئے اور پاکستان کو ہرطرح سے نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہم نے پاکستانی نوجوان نسل کو روائتی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنرمندی کی تعلیم سے آراستہ کرنا شرو ع کر رکھا ہے۔ آپ پوری دنیا ہنر مندوں کی ہے اور دنیا کا ہر ملک ہنر مند افراد کی تلاش میں ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ عمران خان نے پانچ سال تک قوم کے بچوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے بجائے انہیں گمراہی کی طرف دھکیلا اس لیے اب عوام اپنے بچوں کے مستقبل کے دشمنوں کو پہنچانیں اور ووٹ کی طاقت سے عبرتناک شکست دیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران قیادت پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر دوبارہ ترقی کی طرف گامزن کرے گی۔ امیدوار قومی اسمبلی انجینئر رانا احمد عتیق انور نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ٹی آئی حکمرانوں نے مریدکے اور نارنگ منڈی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا اور انہیں ترقی سے محروم رکھا۔ انہوںنے کہا کہ ہماری طرف سے ترقیاتی کاموں کو عدالتوں کے اسٹے آرڈرز کے ذریعے روکا گیا اور نیشنل سکلز یونیورسٹی جیسے منصوبوں کا ناکام بنانے کیلئے سامان تک چوری کر لیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ مریدکے کو بنیادی مسائل ، غنڈہ گردی، بھتہ خوری، بدمعاشی سے بچانا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ امیدوار صوبائی اسمبلی چودھری محمد ارشد ورک نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر عوام نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا تو وہ تحصیل مریدکے کو پر امن، ترقی یافتہ اور مثالی مریدکے بنائیں گے۔