لاہور (کورٹ رپورٹر،خبر نگار) انسداد دہشتگردی عدالت نے وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانتیں منظور کرلیں،جج اعجاز بٹر نے شاہ محمود قریشی کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت درخواست پر سماعت کی،درخواست گزار شاہ محمود قریشی کی جانب سے استدعا کی گئی بے گناہ ہوں، بد نیتی کی بنیاد پر مقدمات میں ملوث کیا گیا، شامل تفتیش ہونا چاہتا ہوں، گرفتاری کا خدشہ ہے، ضمانت منظور کی جائے۔
عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے 27 جون تک شاہ محمود قریشی کی تینوں مقدمات میں ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرلی اور پولیس کو شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔
عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہانئی پارٹی کی لانچنگ ایسی ہی ہے جیسے ایمرجنسی میں ڈیتھ آن آرئیول،تحریک انصاف کا روشن مستقبل نظر آ رہا ہے، ہر سیاسی شخصیت کو اپنے مستقبل کے فیصلے کرنے کا حق ہے، آئین کے مطابق چلنا ہے تو الیکشن کرانے پڑیں گے،بجٹ کے نام پر قوم کے ساتھ مذاق ،عوام کیلئے کوئی ریلیف نہیں ، عبوری حکومت کو بجٹ پر نظر ثانی کرنا ہوگی، تنخواہوں میں 30سے 35 فیصد اضافہ ہوگا پیسہ کہاں ہے آپ کے پاس؟ بجٹ میں ساڑھے 600ارب کا سرپلس دکھایاگیا وہ کہاں سے آئے گا؟۔
علاوہ ازیں تحریک انصاف کی معاشی ٹیم کا اہم ترین مشاورتی اجلاس وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت ہوا ،اعلامیے کے مطابق تحریک انصاف بجٹ کے بھرپور جائزے، امپورٹڈ حکومت کے ہاتھوں معاشی تباہی کی پوری تفصیلات قوم کے سامنے رکھے گی ،تحریک انصاف اپنے دور حکومت میں حاصل ہونے والی تاریخی معاشی کامیابیوں اور ریکارڈ شرح نمو سمیت بہترین کارکردگی کی تفصیلات بھی بیان کرے گی ۔
بجٹ عوام سے مذاق،نئی پارٹی کی لانچنگ ایمرجنسی میں ڈیتھ آن آرائیول جیسی ہے،قریشی
















