نوجوانوں کو کاروبار کی دنیا میں جدت لانا ہوگی: ڈاکٹر جاوید اکرم
لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے ایف سی کالج میں فارمین انٹرنیشنل کانفرنس آن بزنس اینڈ اینوویشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر فیکلٹی ممبران اور بیرون ممالک سے آئے ریسرچرز نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کانفرنس کے شرکاءسے اپنے خطاب میں کہاکہ دنیا کے پانچ ممالک کے ہیلتھ سسٹمز میں خدمات سر انجام دینے کا موقع ملا ہے۔ بطور وائس چانسلر طبی درسگاہوں میں ہمیشہ ریسرچ کو فروغ دیا۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ طبی درسگاہیں ہمیشہ علم پھیلاتی ہیں۔ نوجوانوں کو کاروبار کی دنیا میں جدت لانا ہوگی۔ ایک پرفارمر اپنی دنیا خود بناتا ہے۔ پرفارمر ہمیشہ مشکلات کو عبور کر کے کامیابی حاصل کرتاہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ کوویڈ 19 نے دنیا کو جینے کے نئے طریقے دیئے۔ کورونا کے دورمیں جدید ریسرچ پر توجہ دی گئی۔اچھی ریسرچ کے ہمیشہ معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان 2048 تک آبادی کے اعتبار سے دنیا کا تیسرا بڑا ملک بن جائے گا۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر بیرون ممالک سے آئے ریسرچرز کے درمیان یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کیں۔ دریں اثناءنگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم کی زیرصدارت محکمہ قانون سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقدہوا۔ ڈاکٹرجاویداکرم نے اجلاس کے دوران سکول ہیلتھ سکریننگ کے اقدامات کاجائزہ لیا۔متعلقہ افسران نے نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم کو اس حوالہ سے بریفنگ دی۔نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے معصوم بچوں کوخطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے سکول کی سطح پر سکریننگ کا فیصلہ کیاہے۔محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم سکول ہیلتھ سکریننگ کے حوالے سے اہم سٹیک ہولڈرزہیں۔ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ نویں جماعت کے امتحان سے پہلے ہر بچے کی تھیلیسمیاءسمیت مختلف بیماریوں سے بچنے کیلئے سکریننگ کی جائے گی۔محکمہ قانون کو اس حوالے سے قانون سازی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ قانون کی جانب سے تجویزکردہ قانون سازی کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ دے گی۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ سکول ہیلتھ سکریننگ کے حوالہ سے ایک سٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔نویں جماعت سے ہیلتھ سکریننگ کے ذریعے پنجاب میں خطرناک بیماریوں کی شرح میں واضع کمی واقع ہوگی۔پنجا ب کے سکولوں میں ہیلتھ سکریننگ کے ڈیٹا کومحفوظ بنایاجائےگا۔نگران وزیر صحت نے مزیدکہاکہ سکول ہیلتھ سکریننگ کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی میں بائیوکیمسٹ،ڈاکٹرز، پیتھالوجسٹ اور پیڈریشن شامل کئے جائیں گے۔سکول ہیلتھ سکریننگ کے حوالے سے پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔



















