لاہور(کورٹ رپورٹر،کرائم رپورٹر)جعلی بھرتیاں کیس:جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد،پرویز الٰہی جیل منتقل،دوران سماعت صدر لاہور بار اور اینٹی کرپشن حکام میں تلخ کلامی ، جج کا تفتیشی افسر پر اظہار برہمی ، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے معزز جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا،تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک کی عدالت میں پرویز الٰہی کا جسمانی ریمانڈ دینے کی درخواست کی سماعت ہوئی،پرویز الٰہی کی طرف سے لاہور بار کے صدر رانا انتظار عدالت میں پیش ہوئے، سپیشل پراسیکیوٹر فرہاد علی شاہ نے عدالت میں دلائل دئیے،پرویز الٰہی کی جانب سے صدر لاہور بار رانا انتظار نے دلائل دئیے اور کہا ہم ڈی جی اینٹی کرپشن صاحب کے خلاف ایف آر درج کروائیں گے اگر آج وہ پرویز الٰہی کو واپس لے کر گئے،دوران سماعت لاہور بار کے صدر اور اینٹی کرپشن حکام میں تلخ کلامی بھی ہوئی جبکہ جج نے تفتیشی افسر پر اظہار برہمی بھی کیا،دوران سماعت عدالت میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے معزز جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا، اینٹی کرپشن حکام نے درخواست میں کہا جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک کے ٹوئٹر اور فیس بک پیج ہیں، سیشن جج صاحب اس کیس کے لیے کسی اور جج کا انتخاب کریں،فاضل جج نے کہا آپ لوگوں نے میرے خلاف درخواست دے دی، میرا کوئی فیس بک اکاو¿نٹ نہیں ، میرا کوئی بھی سوشل میڈیا اکاو¿نٹ نہیں ہے، کل آپ گوجرانوالہ میں گئے وہاں پر میں بیٹھا ہوا تھا، میرے کیس سننے سے آپ کو اعتراض ہے آپ سیشن جج کے پاس چلے جائیں،پرویز الٰہی کے وکیل نے کہا ایف آئی آر کی کاپی ہمیں نہیں دی گئی، آپ کے کیس سننے پر اعتراض کردیا گیا ، بعد ازاں عدالت نے پرویز الٰہی کے خلاف سماعت میں فیصلہ محفوظ کرلیا جو کچھ دیر بعد سنایا،عدالت نے فیصلے میں پرویز الٰہی کےخلاف جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی اور انہیں چودہ روز کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا،دریں اثنا ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے کہا ہے پرویز الٰہی کے خلاف ناجائز بھرتیوں کا کیس ہے جنہیں آج عدالت میں پیش کیا گیا،سپیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک پر جانب داری کے واضح شواہد ہیں، میرٹ کے باوجود فیل شدہ امیدواروں کے وکلاءنے بھی نجی حیثیت میں جج غلام مرتضیٰ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے،ترجمان کے مطابق جج غلام مرتضیٰ ورک نے 2 جون کو پرویز الٰہی کو بری کر کے جانب داری کا مظاہرہ کیا تھا، ڈیوٹی جج غلام مرتضیٰ کے سامنے پرویز الٰہی کا ریمانڈ نہیں مانگا جائےگا، پنجاب اسمبلی میں ناجائز بھرتیاں اور ترقیاں قومی وسائل پر ڈاکہ ہیں، سابق وزیر اعلیٰ نے میرٹ کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے ذاتی ملازمین پنجاب اسمبلی میں بھرتی کیے،ترجمان اینٹی کرپشن نے کہا پرویز الٰہی کو تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، اینٹی کرپشن پرویز الٰہی کیسز کے فیصلوں پر اپیل میں جا رہی ہے، پنجاب اسمبلی میں ناجائز بھرتیوں کا مقدمہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر درج ہوا،ترجمان اینٹی کرپشن نے کہا پرویز الٰہی کے کرپشن میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں، امید ہے عدالت میرٹ پر مقدمہ کو سنے گی، قانون کے مطابق تفتیش کے لیے ملزم کا جسمانی ریمانڈ ضروری ہے،ترجمان اینٹی کرپشن نے کہا ہے پرویز الٰہی کیس میںدیئے گئے فیصلے کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج کیا جائےگا، یہ فیصلہ بھی دیگر فیصلوں کی طرح حقائق کے برعکس ہے کیونکہ پرویزالٰہی کےخلاف کرپشن اور ناجائز بھرتیوں کے ٹھوس شواہد موجود ہیں،ترجمان نے کہا اینٹی کرپشن نے کیس میں عدالت کو ٹھوس ثبوت فراہم کیے تھے عدالتی فیصلے میں بہت سے سقم ہیں،دوسری جانب کمرہ عدالت میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے میری تمام ادویات بند کی ہوئی ہیں، مجھے سونے بھی نہیں دیتے، پی ڈی ایم کے پاس بیچنے کیلئے کچھ نہیں ہے، کوئی بھی ایک کام بتا دیں جو انہوں نے پورا کیا، مہنگائی کی وجہ سے کسی کو کچھ نہیں مل رہا، زرداری صاحب جہانگیر ترین کا بچا کھچا مال بھی لے جائیں گے، ان کو تین تین بار حکومتیں ملیں، پی ڈی ایم ایک ناکام شعبہ ہے، کبھی کوئی شوشہ چھوڑ رہے ہیں اور کبھی کچھ کر رہے ہیں،سابق وزیر اعلی پنجاب نے مزید کہا میں سمجھتا ہوں غلط فہمی ہے، آنے والے وقت میں پنجاب صرف پی ٹی آئی کا ہے، میرے گھر کا بچہ بچہ پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا ہے، یہی وقت ہے جب کوئی کسی کا ساتھ دیتا ہے، مشکل میں جو پیچھے ہٹتا ہے وہ کوئی انسان ہے، میری لیگل ٹیم بہت مضبوط ہے اور میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہوں،انہوں نے کہا ہے میرے خلاف چاہے 1000کیس بھی بنا لیں، ہمیں کوئی فریق نہیں پڑتا، پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا رہوں گا، تحریک انصاف کو میرا پیغام ہے دلیری کے ساتھ مقابلہ کریں، حق اور سچ کی لڑائی میں ڈٹ کر کھڑے رہیں، جتنے ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں سب ناکام ہو جائیں گے۔
جعلی بھرتیاں کیس:جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد،پرویز الٰہی جیل منتقل

















