ملت پارک: گھر سے دو کمسن بھائیوں کی لاشیں برآمد،آئی جی کا نوٹس، رپورٹ طلب
لاہور (کرائم رپورٹر) ملت پارک کے علاقہ اسلام آباد کالونی میں واقع ایک گھر سے دو بھائیوں کی لاشیں ملی ہیں۔پولیس کے مطابق 5 سالہ ارتضیٰ اور 3 سالہ راحیل کی لاشیں آٹے رکھنے والی لوہے کی پیٹی سے برآمد ہوئی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ایک روز قبل دونوں بھائیوں کے اغوا ءکا مقدمہ درج کرایا گیا تھا، اغوا کی ایف آئی آر بچوں کے والد کی مدعیت میں درج کی گئی تھی۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق بچے کھیل رہے تھے کہ انہیں اغوا ءکر لیا گیا۔پولیس نے بتایا ہے کہ مکان کے ایک پورشن میں مقتول بچوں کے چچا کی فیملی مقیم ہے۔پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ مختلف پہلوﺅں سے واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔بچوں کے والد کی جانب سے پولیس کو دئیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ بچے گھر میں ہی کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوئے تھے۔یہ بھی شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ بچے کھیلتے ہوئے آٹے کی پیٹی میں چھپے گئے اور اوپر سے ڈھکن بند ہونے کی وجہ سے دم گھٹنے سے ان کا انتقال ہو گیا۔پولیس نے بتایا ہے کہ بچوں کے والد کا کہنا ہے کہ ہم لوگ سمجھتے رہے کہ بچوں کو کسی نے اغوا ءکر لیا ہے، بدبو آنے پر آٹے کی پیٹی کھولا تو دونوں کی لاشیں ملیں۔پولیس کے مطابق دونوں بچوں کی لاشوں کے پوسٹمارٹم کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا ملت پارک میں جاں بحق ہونےوالے دو کمسن بھائیوں کے گھر کا دورہ ،آئی جی پنجاب نے بچوں کے والد، عزیزرو اقارب سے ملاقات کی اور انہیں دلاسہ دیا،آئی جی پنجاب نے واقعہ کے تمام شواہد کا خود بغورجائزہ لیا،موقع پر موجود پولیس افسران سے حقائق اور تفتیش میں ہونےوالی پیشرفت بارے دریافت کیا،آئی جی پنجاب کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پنجاب پولیس مشکل کی اس غم گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے،واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے، پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے بعد اصل حقائق سامنے آجائیں گے، متاثرہ خاندان کے مطمئن ہونے تک پولیس اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔

















