اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے جہاں منصف مدعی یا ملزم اور مفاد وابستہ ہو تو منصفی کی کرسی میں نہیں بیٹھنا چاہیے، کوئی قانونی قدم اٹھائیں تو روکا جاتا ہے،چیف جسٹس نے آڈیو لیکس کمیشن کے عمل کو روکدیا ،زیر تحقیقات معاملات میں چیف جسٹس کی خوش دامن بھی شامل تھیں اس لیے چیف جسٹس کو آڈیو لیکس کمیشن کے معاملے سے علیحدہ رکھا گیا، سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے خود کو اپنے بیٹے کے کیس سے علیحدہ کر لیا تھا، موجودہ بھی کرسکتے ہیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاسیاستدانوں نے ماضی میں بڑی بڑی غلطیاں کیںمگر انصاف کی کرسی پر ایسی دو نمبری نہیں دیکھی، لگتا ہے عدلیہ میں اچھی روایات ترک کی جا رہی ہیں،آڈیو لیکس کمیشن، ایکٹ کے خلاف نوٹس لینے کی روایات قابل فخر نہیں قابل شرم ثابت ہوں گی۔
خواجہ آصف نے شعر پڑھا ”بنے ہیں اہل ہوس مدعی بھی منصف بھی،کسے وکیل کریں کس سے منصفی چاہیں؟، وزیر د فاع نے مزید کہاعدلیہ ،پارلیمنٹ کا متحارب ہونے کا سلسلہ پچھلے کئی مہینوں یا ایک سال سے چل رہا ہے، نوبت یہاں تک آپہنچی اگر کوئی ایسا قدم اٹھائیں جو طے شدہ اصول قانون ہے تو مزاحمت کی جاتی یا ختم کردیا جاتا ہے،مفادات کا ٹکراو بڑا بنیادی اصول ہے جہاں پر منصف مدعی یا ملزم یا بالواسطہ یا بلاواسطہ مفاد وابستہ ہو تو اصول کہتا ہے منصفی کی کرسی میں نہیں بیٹھنا چاہیے،کمیشن بنایا اور چیف جسٹس سے امید تھی مہربانی کریں گے ، اپنی ذات کوچیز سے دور رکھیں گے اور انصاف کا ترازو کمیشن کے ہاتھ میں رہنے دیں گے تاکہ وہ انصاف کرسکیں گے لیکن روایات سپریم کورٹ کے چند لوگوں نے ترک کردیں۔
کمیشن، ایکٹ کےخلاف نوٹس کی روایات قابل فخر نہیں قابل شرم ثابت ہوں گی،خواجہ آصف
















