ملک کے سپریم چیف صرف نواز شریف،آنےوالے چیف جسٹس ن لیگ کو انصاف دینا چاہتے ہیں، جاوید لطیف

سرگودھا (بیورورپورٹ)وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہاہے ملک کے سپریم چیف صرف نواز شریف ہیں، آنےوالے چیف جسٹس آئین و قانون کے مطابق کام کرکے ن لیگ کو انصاف دینا چاہتے ہیں۔

سرگودھا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہا ایٹمی دھماکے کرنے والے کو ہائی جیکر بنا کر سزا دی گئی،فیصلے قاضیوں نے کیے تھے، سی پیک کا منصوبہ شروع کرنے والے کو نااہل کیا گیا، 2014 میں پی ٹی وی، پارلیمنٹ، وزیر اعظم ہاوس پر حملے کرنے والوں کو روکا نہ گیا اگر قاضی فیصلے درست کرتے تو 9 مئی کا واقعہ نہ ہوتا۔

جاوید لطیف نے مزید کہا9 مئی کیلئے ایک سال ٹریننگ دی گئی، لالچ دے کر ورغلایا گیا، اداروں میں بیٹھے چند لوگوں نے سہولت کاری کی تھی، عالمی ایجنڈے کو تقویت دی، آئندہ چند روز میں انکشافات کر کے پاکستان مخالف عالمی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے کام کرنے والوں کو سامنے لائیں گے، آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک کو بحران میں ڈالنے کی کوشش کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے،پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے الیکشن نہیں لڑیں گے، میرٹ سے ہٹ کر تقرریاں کی جائیں گی تو حالات بہتر نہیں ہوں گے، موجودہ آرمی چیف کی تقرری میرٹ پر کی گئی ،ملک کے سپریم چیف صرف نواز شریف ہیں، سارے چیف اکٹھے ہو کر بہتر طریقے سے ملک چلا سکتے ہیں ،ملک دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا، 9 مئی کے کردار سامنے لائیں گے تو 2017 والے کردار از خود بے نقاب ہو جائیں گے۔