مشرق اوسط میں امریکہ کی قیادت میں نئی میری ٹائم ٹاسک فورس کا قیام

قاہرہ (مشرق نیوز) مشرق اوسط میں امریکہ کی قیادت میں ایک نئی میری ٹائم ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ یہ خطے میں بین الاقوامی پانیوں میں ایران کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے امریکا اور اس کے اتحادیوں کی اس طرح کی پانچویں ٹاسک فورس ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مشترکہ ٹاسک فورس (سی ٹی ایف)154 کی تشکیل کا اعلان بحرین میں امریکہ کے پانچویں بحری بیڑے کے صدر دفاتر میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا ۔اس سے پہلے سی ٹی ایف 153 ، اپریل 2022 میں بحیرہ احمر میں میری ٹائم سکیورٹی کیلئے تشکیل دی گئی تھی۔مشترکہ میری ٹائم فورسز (سی ایم ایف)کی دیگر ٹاسک فورسز میں سی ٹی ایف 150 شامل ہے ، جو خلیج عمان اور بحر ہند میں میری ٹائم سکیورٹی پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔ سی ٹی ایف 151 خطے میں انسدادِ قزاقی کی سرگرمیوں کی قیادت کرتی ہے اور سی ٹی ایف 152 خلیج میں سمندری سلامتی کے لیے وقف ہے۔