باغ (بیورو رپورٹ) وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی کے گروپ 20 کے ڈرامے کو بے نقاب کرنے کیلئے آزاد جموں و کشمیر آ رہے ہیں، ہم نے عزم کر رکھا ہے کہ مودی کے عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے،آزادی کے بیس کیمپ سے بلاول بھٹو کشمیریوں کا پیغام دنیا اور بھارت کو پہنچائیں گے ، آزاد کشمیر سے کشمیریوں کا پیغام سری نگر تک پہنچے گا ۔ قمر زمان کائرہ نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو باغ، آزاد کشمیر کے علاقوں نڑیالہ، کوپرا ، کلری اور چترا ٹوپی میں کارنر میٹنگز سے خطاب کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چین نے گروپ 20 کے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے دیگر ممالک بھی شرکت سے انکار کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ اپنے نانا اور والدہ کے ورثے کا بہترین استعمال کیا ہے،بدترین مخالفین بھی مانتے ہیں کہ انہوں نے پاکستان کے دوسرے ممالک سے تعلقات بحال کئے ہیں۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بلاول بھٹو نے پاکستان کے موقف کو پوری دنیا میں بہترین انداز میں پیش کیا ،مسئلہ کشمیر پر بلاول بھٹو نے بھارت کو بھرپور جواب دیا ، بھارت مسئلہ کشمیر کو دنیا کے منظر نامے سے غائب کرنا چاہتا ہے، وہ دنیا کو دھوکہ دینا چاہتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں سب اچھا ہے، بلاول جب بھارت کو للکارتے ہیں تو وہاں کےسر کی قیمت مقرر کی جاتی ہے۔
بلاول مقبوضہ کشمیر میں مودی کا گروپ 20 کا ڈرامہ بے نقاب کرینگے: قمر زمان کائرہ

















