سانحہ 9مئی کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی شروع،فوج،عوام میں دراڑ کی کوشش نا قابل معافی ہے، آرمی چیف

راولپنڈی،لاہور(بیورورپورٹ،خبرنگار)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے فوج ،عوام میں دراڑ پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش ناقابل معافی ہے،سانحہ9مئی میں ملوث مجرموں کیخلاف مقدمات آرمی اورآفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ہورہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے لاہور کا دورہ کیا ،شہداءکی یادگار پر پھول چڑھائے ، جناح ہاﺅس اورفوج کی تنصیب گئے،آرمی چیف کو 9 مئی کے واقعات پر بریفنگ دی گئی،آرمی چیف نے کہا سانحہ9مئی میں ملوث مجرموں کیخلاف قانونی کارروائی شروع ہوچکی ،منصوبہ سازوں،اکسانے، حوصلہ افزائی کرنےوالوں کیخلاف مقدمات آرمی ایکٹ اورآفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ہورہے ہیں۔

آرمی چیف نے کہافوج اپنی طاقت عوام سے حاصل کرتی ہے، دراڑ پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش قابل برداشت ہے نہ ہی قابل معافی ،دشمن قوتیں،حامی جعلی خبروں کے ذریعے انتشار پھیلانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں،دشمن کے تمام عزائم کو قوم کے تعاون سے ناکام بنایا جائے گا۔

بعد ازاں سربراہ پاک فوج نے سروسز ہسپتال ،قربان لائنز کا بھی دورہ کیا،شرپسندوں کے ہاتھوں زخمی ڈی آئی جی علی ناصر رضوی کی خیریت دریافت کی،پولیس حکام سے ملاقات میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا،جنرل عاصم منیر نے فسادات توڑ پھوڑ کے دوران پولیس کی پیشہ وارانہ مہارت ،تحمل کو سراہا اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کو صلاحیتوں میں اضافے، انٹیلی جنس شیئرنگ و تربیت کےلئے فوج کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔