جناح ہاوس حملے سے پاکستان کی بدنامی ہوئی، مذمت کرتا ہوں: عمران خان

لاہور (مشرق نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ جناح ہاوس حملے سے ملک کی بدنامی ہوئی،مذمت کرتا ہوں، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جناح ہاوس حملے کی مذمت کرتا ہوں۔ پہلے بھی کی اور ہرپاکستانی مذمت کررہا ہے، جو کچھ ہوا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میڈیا کو اپنا گھر کھول کردکھا دیا۔ دہشت گردوں کے ٹھہرنے کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔ پی ڈی ایم کےاقدامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے صرف ملک کی بدنامی ہوئی۔ خوف کی فضا میں ملک نہیں چل سکتا۔ 7 ہزار لوگوں کوگرفتار کرکے پی ڈی ایم خود پھنس گئی ہے۔ اسی بنیاد پر کہا تھا کہ ایک ہفتے میں معاملات درست ہوجائیں گے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ جس جماعت کاووٹ بینک ہو اسے ہرایا نہیں جاسکتا۔ اتنے ووٹ بینک رکھنے والی جماعت میں کسی کےآنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ یکطرفہ مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ ہم تو 11 ماہ سے مذاکرات کی بات کررہے ہیں۔