نوجوانوں کو کسی شرپسند، فتنہ پرور، سیاسی ٹھگ کی بھٹی کا ایندھن نہیں بننے دینگے،مریم نواز

لاہور (اپنے رپورٹر سے) مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر وچیف آرگنائزر مریم نوازنے کہا ہے 60ارب کے چور نے اپنی چوریاں چھپانے کےلئے نوجوان کارکنوں کو تخریب کار فورس بنایا ،منظم منصوبہ بندی کے تحت نوجوانوں کے ذہن میں زہر بھرا گیا۔

9مئی اصل میں نوجوان نسل اور پاکستان کو لڑانے کی مذموم سازش تھی ،فتنے نے پورے ملک خاص طورپر نوجوانوں کو جھوٹ بول بول کر ورغلایا ، زہنوں میں نفرت کی زہریلی فصل کاشت کی ،خوف کا بت خوف خدا اختیار کرنے سے ٹوٹتا ہے، شہیدوں کے مجسمے توڑنے سے نہیں ،نوجوانوں کو کسی شرپسند، فتنہ پرور، سیاسی ٹھگ کی خواہشات کی بھٹی کا ایندھن نہیں بننے دیں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف )کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

مریم نواز نے مزید کہا ایم ایس ایف نوجوانوں نسل کا ہراول دستہ ہے، آپ نظریہ پاکستان کے پرچم بردار ہیں، ایم ایس ایف کو فعال کرنے کا مقصد نوجوان نسل کو نظریاتی خطوط پر تربیت دینا ہے ،چاہتی ہوں ملک بھر میں اپنے بیٹوں ،بیٹیوں کو تعمیر پاکستان فورس بناﺅں، نوجوانوں میں سے مستقبل کی قیادت سامنے لائیں گے،معاشرے کو تخریب کارکی تخریب کاری کے اثرات سے پاک کرنا ہے،نوجوانوں کو مٹھی بھر مسلح جتھوں کے ذریعے پاکستان پر حملے کےلئے استعمال کیاگیا ۔

سینئر نائب صدر ن لیگ نے مزید کہانوجوانوں کی تعلیم، صحت و مثبت سرگرمیوں میں شرکت پاکستان کی ترقی کا راستہ ہے ،قوم خاص طورپر نوجوانوں کے ذہن میں تحمل، برداشت، علم وآگاہی کے بیج بونے ہیں ،سمجھنا ہے تخریب و تعمیر کی قوتوں میں کیا فرق ہے، دہشت گردی اور احتجاج میں کیا فرق ہے،توشہ چور نے ملکی معیشت، کاروبار ، نوجوانوں کا روزگار تباہ کیا،قوم کے اتحاد ، یک جہتی اور بھائی چارے کو مضبوط کریں گے ،قوم کی تقسیم ختم، امن اور برداشت واپس لائیں گے ،معیشت بحال ہوگی ، کاروبارپھر سے چلے گا، نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔