لاہور میں راستوں کی بندش، ٹریفک نظام درہم برہم، شہری خوار، گھرو ں میں ”نظربند“

لاہور (مرزا ندیم بیگ)شہر بھر میں مختلف مقامات پر راستے بند ہونے کے باعث لوگوںکا دو روز سے آنا جانا محال ہو گیا، ایمرجنسی کی صورت میں بھی گھروں سے نکلنا محال ہو گیا جبکہ پولیس کی زمان پارک میں ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینے سے شہر بھر میں کرائم کی شرح گذشتہ روز کم ہی رہی۔مال روڈ،گڑھی شاہو،زمان پارک کے اردگرد ٹریفک کا نظام درہم برہم ،ٹریفک پولیس کے افسران و جوان ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے میں کوئی خاطر خواہ کامیاب نہیں ہو سکے،اس حوالے سے مختلف مقامات کے رہائشی افراد کا کہنا تھا کہ جہاں اہم دفاتر یا سیاسی بڑی شخصیات کے گھروں وغیرہ کے پاس رہائش ہوتی ہے ان کےلئے زندگی اجیرن بن جاتی ہے اتنا عرصہ گذر گیا اس کا کوئی سدباب نہیں ہو سکا لاہور میں کرکٹ میچ ہوں یا زمان پارک جیسی صورتحال اس کا خمیازہ مقامی رہائشیوں یا ان علاقوں کے روڈز سے ہو کر اپنے گھروں ،دفاتر اور سکول و کالجز جانے والوں کو ہوتا ہے جگہ جگہ سے راستے بند کر دیئے جاتے ہیں جس کے باعث اپنے گھروں میں ایسالگتا ہے کہ نظر بند کر دیا گیا ہے ،بچوں کی تعلیم متاثر ہوتی ہے یہاں تک کہ ایمرجنسی کی صورت میں بھی جانا محال ہو جاتا ہے ان کا کہنا تھا کہ اب زمان پارک میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا گھر ہونے کی وجہ سے کئی ماہ سے نہر والا راستہ اس سے ملحقہ تمام راستے اکثر بند ہی ہوتے ہیں جس سے مقامی رہائشیوں کو تو پریشانی ہوتی ہی ہے دوسرے علاقوں میں رہنے والوں کےلئے بھی ادھر سے گذرنا مشکل ہو جاتا ہے ،ٹریفک کا لوڈ اتنا جگہ جگہ سے راستے بند ہونے کی وجہ سے بڑھ چکا ہے کہ ٹریفک وارڈنز لاکھ کوشش کرنے کے باوجود ٹریفک کی روانی کو صحیح طریقہ سے برقرار نہیں رکھ پا رہے۔ آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور کو چاہیئے کہ اس کا بھی کوئی سدباب کریں وہ احکامات کرنے کے علاوہ ان کا کوئی چیک اینڈ بیلنس بھی رکھیں کہ کہیں ان کی وجہ سے لوگوں کو تو کوئی پریشانی نہیں اٹھانی پڑ رہی ،خاص کر سی ٹی او لاہور کو توجہ اس طرف دلائی جائے عام روٹین میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوتا ہے اب تو گرمی شروع ہو گئی ہے سخت دھوپ میں وارڈنز ویسے ہی سائیڈ پر چھاﺅں میں کھڑے نظر آتے ہیں جبکہ ٹریفک کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا صرف مخصوص علاقوں میں ٹریفک وارڈنز بڑے ایکٹو نظر آتے ہیں باقی علاقوں میں کوئی خاص توجہ نہیں دیتے ،سی ٹی او کو چاہیئے جیسے ایک سابق سی ٹی او ریٹائرڈ کیپٹن لیاقت علی ملک اچانک چھاپے مارتے تھے متعدد وارڈنز کو ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر محکمانہ سزائیں دی گئیں اسی طرح خفیہ طور پر سرپرائز وزٹ کریں سب کچھ سامنے آ جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت اور پولیس افسران سے گذارش ہے کہ عوام کی مشکلات کے بارے میں بھی توجہ دیں ۔