جلاو گھیراو میرا فلسفہ نہیں،چیف جسٹس اپنی سربراہی میں عمارتیں جلانے کی تحقیقات کرائیں، عمران خان


لاہور(خبر نگار)سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے چیف جسٹس اپنی سربراہی میں سرکاری عمارتیں جلانے کی عدالتی تحقیقات کرائیں،کارکنوں اور قوم سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاتوڑ پھوڑ اور جلاو گھیراومیرا فلسفہ نہیں تاریخ گواہ ہے نواز شریف نے عدلیہ پر ڈنڈوں سے حملہ کیا،27 سال کی سیاسی تاریخ میں کوئی انتشار کی بات کی اور نہ ہی کبھی عمل کیا ،ہمیشہ انتشار سے بچنے کی تاکید کی۔

جعلی کیسز میں جیل جانے سے بچانے پر عدلیہ کاشکرگزار ہوں،جمہوریت کےخلاف واردات کرنے والوں کو بھی عدلیہ نے ہی روک رکھا ہے، وقت ہے قوم عدلیہ و آئین کےساتھ کھڑی ہوجائے،عمران خان نے کہا آہستہ آہستہ چیزیں سامنے آرہی ہیں مجھے ایسے گرفتار کیا گیا جیسے کوئی دہشتگرد ہوں، اسلام آباد جانے سے پہلے ہی مجھے گرفتاری کا علم ہوگیا تھا، میری گرفتاری کے بعد پولیس نے چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا، بچوں اور خواتین کو مارا۔

پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کے لیڈر کےساتھ بدسلوکی کو دنیا نے دیکھا، القادر ٹرسٹ سے میری ذات کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، نیب کیس میں میرا مفاد بتا نہیں پارہا،سابق وزیراعظم نے کہا گرفتاری کے بعد مجھے نہیں پتا کیا ہوا،جب سپریم کورٹ پہنچا تو علم ہوا بہت انتشار ،توڑ پھوڑ ہوئی ،عمران خان نے مطالبہ کرتے ہوئے کہاسرکاری عمارتیں جلانے کی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں، چیف جسٹس اپنی سربراہی میں تحقیقات کرائیں کیونکہ لبرٹی میں نامعلوم افراد لوگوں کو اشتعال دلا رہے تھے،عوام چیف جسٹس ،عدلیہ سے اظہار یکجہتی ، آئین ، عدلیہ اور اپنے بچوں کی آزادی کیلئے آج باہر نکلیں۔