عمران خان گرفتاری پر صبرکا مظاہرہ کریں جیسے آصف زرداری نے کیا تھا :پی پی رہنما
لاہور (قاسم رضا سے) عمران خان کی گرفتاری پر عدالتی رویہ سمجھ سے باہر ہے انہیں وہی رویہ اپنانا چاہئے جو آصف علی زرداری یا دیگر سیاسی رہنماﺅں کر گرفتاری کے وقت اپنایا جاتا رہا ہے، پندرہ منٹ میں پیش کرنے کا حکم اس وقت کہا تھا جب چیئرمین پی ٹی آئی نے زرداری یا تالپور کر ناجائز گرفتار کیا گیا تھا، عمران خان اپنی گرفتاری پر صبرو تحمل کا مظاہرہ کریں جیسے آصف زرداری نے کیا تھا۔ پی ٹی آئی احتجاج کرے مگر توڑ پھوڑ کرکے قانون ہاتھ میں نہ لے ، نیب قوانین میں ترمیم کا سارا فائدہ عمران خان کو پہنچ رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر عامر حسن ، سیکرٹری اطلاعات لاہور فائزہ ملک اور نائب صدر لاہور مسرت صدیقی نے روزنامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ بیرسٹر عامر حسن نے کہا کہ نیب نے قانون کے مطابق گرفتاری درست کی ہے اگر عمران خان شامل تفتیش ہوجاتے تو ریفرنس بغیر گرفتاری کے چلایا جاسکتا تھا۔ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر نیب کی جانب سے گرفتاری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رولز آف لاءکا درس دینے والے کو اب قانون کی پابندی کرنی چاہئے دنیا کا واحد لیڈر دیکھا ہے جسے عدالتیں خلاف قانون ریلیف دے رہی ہیں حالانکہ قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہئے ۔ سیکرٹری اطلاعات لاہور فائزہ ملک نے کہا کہ عدالتوں پر جھتے لے کر حملے کرنے والے کی گرفتاری قانون کے مطابق ہوئی ہے اس پر عمران خان کو ایسے ہی قانون پر عملداری کرنی چاہئے جیسے آصف علی زرداری یا دیگر لیڈران کرتے ہیں ۔ عمران نے اپنے دور میں آصف علی زرداری کو گرفتار کیا فریال تالپور کو عید کے موقع پر گرفتار کیا مگر ہم چلائے نہیں ملکی قوانین کا احترم کیا مگر ملک کو فساد کی طرف لیجانے والے کو عدالتوں سے فوری ریلیف سمجھ سے باہر ہے پندرہ منٹ میں پیش کرنے کا حکم اس وقت کہا تھا جب عمران خان نے زرداری یا تالپور کر ناجائز گرفتار کیا گیا تھا ۔ نائب صدر لاہور مسرت صدیقی نے کہا کہ عمران خان پرکرپشن اور کرپٹ پریکٹسز میں ملوث ہونے کا الزام ہے اس میں انہیں شامل تفتیش ہونا چاہئے تھا ۔ عمران خان نے مسلسل اشتعال انگیز الزامات لگا کر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ریاستی اداروں کو ان کےساتھ اب تک روا رکھا جانے والا نرم رویہ ختم کرنے پر مجبور کیا۔ عمران خان گزشتہ کئی روز سے پاسینئر افسروں پر مسلسل سنگین الزامات لگانے سے باز نہیں آ رہے تھے۔

















