لاہور (اپنے نمائندے سے) آئی جی ریلویز اور پولیس محکمے کی اراضی مافیا کے قبضہ سے واگزار کروانے کیلئے پرعزم، پاکستان بھر میں کریک ڈاون، راولپنڈی ڈویژن میں ایک ارب 72 کروڑ 80 لاکھ روپے کی 7.83 ایکڑ ریلوے اراضی واگزار، پختہ عمارت اور دکانوں کو مسمار کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز کا ملک بھر میں ریلوے کی اراضی پر قائم تجاوزات اور قبضہ کیخلاف کریک ڈاون جاری ہے جس سے محکمے کو کافی مالی فائدہ حاصل ہورہا ہے۔ اس حوالے سے ریلویز پولیس کا آئی جی کی سرپرستی میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ریلویز پولیس کی طرف سے مسافروں اور ریلویز حدود میں آنےوالی رہائشی اور کمرشل علاقوں میں شہریوں کو تحفظ فراہم فراہم کیلئے عملی اقدامات دیکھنے میں آرہے ہیں اور مختلف مسافر ٹرینوں پر جرائم پیشہ افراد اور سرکاری سامان کی چوری کو روکنے کی خاطر متحرک دکھائی دے رہی ہے اور مختلف کارروائیوں میں لاکھوں روپے مالیت کا چوری ہونے والا سامان بھی برآمد کیا گیا ہے اور متعدد مقدمات میں ملوث جرائم پیشہ اشتہاریوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ دوسری طرف ریلویز پولیس کا محکمہ کی اراضی پر قبضہ مافیا اور تجاوزات قائم کرنےوالوں کے خلاف آپریشن بھی جاری ہے اور اس حوالے سے ر اولپنڈی ڈویژن میں تجاوزات کےخلاف آپریشن کرتے ہوئے 1.72 ارب مالیت کی ریلوے اراضی واگزار کروالی گئی ہے۔ راولپنڈی ڈویژن کی جانب سے ٹیکسلا اور سنگ جانی کے مقام پر قائم کی گئی پختہ عمارات، سٹاک کیا گیا میٹریل اور کھوکھا شاپس کو مسمار کردیا گیا ہے اور قبضہ مافیا سے اراضی واگزار کرواتے ہوئے قبضہ میں لے لی گئی ہے جس سے محکمے کی ماہانہ آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا اور ادارے کے خسارے میں کمی کرنے میں بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ریلویز پولیس نے متعلقہ ڈویژن انتظامیہ کے تعاون سے بھاری مشینری کی مدد سے آپریشن کیا۔ ریلویز انتظامیہ کے تمام شعبہ جات مسافروں اور محکمے کی بہتری باہمی اشتراک سے عملی اقدامات کرتے ہوئے مثبت منصوبہ بندی اختیار کرتے ہوئے کام کررہے ہیں تاکہ ادارے کے مالی حالات میں بہتری لائی جاسکے۔
ریلویز پولیس راولپنڈی ڈویژن کا کریک ڈاون، ڈیڑھ ارب سے زائد کی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار
















