ترکیہ نے امریکہ کی یوکرین کوروسی ساختہ ایس 400 دفاعی نظام بھیجنے کی تجویزمستردکردی
انقرہ (مشرق نیوز) ترک وزیرخارجہ مولود چاوش اوغلو نے کہا ہے کہ امریکہ نے روس سے خریدکردہ ایس 400 میزائل دفاعی نظام یوکرین کوبھیجنے کی تجویزپیش کی تھی لیکن انقرہ نے اس کومسترد کردیا ہے۔ترک میڈیاکے مطابق وزیرخارجہ چاوش اوغلو نے بتایاکہ ہم سے یوکرین کو روسی ساختہ ایس400بھیجنے کے لیے کہا تھا،مگرہم نے انکار کر دیاہے۔انھوں نے مزیدکہا کہ ایسی تجاویز ناقابل قبول ہیں کیونکہ ان سے ترکیہ کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔واضح رہے کہ روس سے ایس-400 میزائل دفاعی نظام کی خریداری کا معاملہ ترکیہ اور اس کے امریکا سمیت نیٹو اتحادیوں کے ساتھ تنازع کا موضوع رہا ہے کیونکہ انھوں نے ان خدشات کا اظہارکیاتھا کہ اس سے نیٹوکی فوجی کارروائیوں کی سلامتی اور باہمی تعاون پرسمجھوتاہوگا۔امریکا اورنیٹو نے ترکیہ کوخبردارکیا تھاکہ ایس 400 سسٹم معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم کے دفاعی نظام سے مطابقت نہیں رکھتا اور اس سے روس کوحساس معلومات مل سکتی ہیں۔

















