سوڈان،خرطوم میں جنگ بندی کے وعدوں کے باوجود فضائی حملوں کی گھن گرج

خرطوم (مشرق نیوز) سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں جنگ بندی کے وعدوں کے باوجود بدھ کو فضائی حملوں کی گھن گرج سنائی دی ہے جبکہ متحارب دھڑوں نے جمعرات سے نئی سات روزہ جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔اگر اس پرعملدرآمد کیا جاتا ہے تواس سے بڑھتے ہوئے انسانی بحران کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس سے قبل سوڈانی فوج اورنیم فوجی دستوں کے درمیان 24 سے 72 گھنٹے تک جنگ بندی کے سمجھوتے ہوئے تھے لیکن ان میں سے کسی پربھی مکمل طورپرعمل نہیں کیا گیا۔جنوبی سوڈان کی وزارتِ خارجہ نے اس سے قبل اطلاع دی تھی کہ اس کے صدرسلفاکیر کی ثالثی کے نتیجے میں فریقین نے جمعرات سے 11 مئی تک ایک ہفتے کی جنگ بندی اورامن مذاکرات کے لیے سفیروں کے ناموں پراتفاق کیا ہے۔تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آرمی چیف جنرل عبدالفتاح البرہان اور نیم فوجی دستے سریع الحرکت فورسز(آر ایس ایف)کے کمانڈرجنرل محمد حمدان دقلو نئی جنگ بندی پرعمل درآمد کے لیے کس طرح آگے بڑھیں گے۔فوج کے لڑاکا طیارے دارالحکومت کے رہائشی علاقوں میں آر ایس ایف یونٹوں کے ٹھکانوں پر بمباری کررہے ہیں۔برطانوی خبررساں ایجنسی نے بھی خرطوم میں فضائی بمباری کی اطلاع دی ۔یہ تنازع سوڈان کے مغربی علاقے دارفورمیں بھی پھیل گیا جہاں آر ایس ایف قبائلی ملیشیا سے ابھری تھی اور اس کے جنگجوﺅں نے 20 سال پرانی وحشیانہ خانہ جنگی میں باغیوں کو کچلنے کے لیے سرکاری افواج کے شانہ بشانہ جنگ لڑی تھی۔فوج اور آر ایس ایف کے کمانڈرنے پیچھے ہٹنے کا کوئی اشارہ نہیں دیا ہے اور فی الوقت کوئی بھی فریق فوری فتح حاصل کرنے میں کامیاب نظر نہیں آتا ہے۔براعظم افریقاکے سب سے بڑے شہروں میں سے ایک خرطوم میں لڑائی اپنے تیسرے ہفتے میں داخل ہوچکی ہے اوراس میں سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔