طلباءکی کردار سازی کیلئے اساتذہ اور والدین کو ملکر کام کرنا چاہیے :گورنر پنجاب
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) گورنرپنجاب /چانسلرپنجاب یونیورسٹی بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ نئے علوم کی تخلیق جامعات کی اوّلین ذمہ داری ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس کے زیر اہتمام نجی ہوٹل میں منعقدہ 11 ویں جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود،کالج پرنسپل ڈاکٹر احمد منیب مہتا ، مذہبی سکالرعلامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی ،رجسٹرا ر تسنیم کامران ، کنٹرولر امتحانات رﺅف نواز، فیکلٹی ممبران ، طلباﺅطالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں بلیغ الرحمان نے ڈگریاں اورمیڈیل حاصل کرنے والے طلباﺅطالبات ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کی ۔انہوں نے کہا کہ طلباءکی کردار سازی کیلئے اساتذہ اور والدین کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی جعلی خبروں پر یقین کرنے سے پہلے تحقیق ضرورکرلینی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ جن نوجوانوں کو نوکریاں نہیں ملتی انہیں اللہ تعالیٰ کی رحمت سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔گورنرپنجاب نے کہاکہ سب حکومتیں تعلیم پر خرچ کرتی ہیںجس کی وجہ سے کئی پبلک سیکٹر ادارے نجی اداروںسے بہتر نتائج دیتے ہیں۔ انہوں نے طلباءکو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میںکامیابی حاصل کرنے کے لیے سچائی، ایمانداری اورحسن سلوک کو اپنائیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں امن کےلئے ہر مذہب، سیاسی جماعت اور طبقے کی عزت کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس میں طلباءکو سوچنے اور تجزیہ کرنے سے متعلق دی جانے والی تعلیم وقت کی ضرورت ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ پاکستان کی قدیم اور عظیم یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونا آپ کیلئے باعث فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ اس یادگار لمحے کو اپنے والدین، اساتذہ اور دوستوں کے ساتھ انجوائے کریں۔ انہوں نے طلباءکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پنجاب یونیورسٹی کے سفیر ہیں اپنی مہارتوں سے دنیا میں نام پیدا کریں۔وائس چانسلر نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس بہترین اداروں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارغ التحصیل طلبا کیلئے پنجاب یونیورسٹی کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ کالج پرنسپل ڈاکٹر احمد منیب مہتا نے کہا کہ طلباءکو بہترین تدریسی ماحول کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج میں نئے پروگرامز کے اجراءسے طلباﺅطالبات کو فائدہ ہوگا۔بعد ازاں بی بی اے آنررز ( چار سالہ)( دو سالہ )اور ایم بی اے(ساڑھے تین سالہ) پروگرامزمیں کامیاب ہونے والے طلباءو طالبات میں 252 ڈگریاں و میڈلز تقسیم کئے جا رہے ہیں۔



















