سوڈان میں فوج جنگ بندی میں 72 گھنٹے کی توسیع پر رضامند

خرطوم (مشرق نیوز)سوڈان میں متحارب افواج نے ایک دوسرے پر جنگ بندی کی تازہ خلاف ورزیوں کا الزام عاید کیا ہے لیکن دونوں فریقوں نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے باضابطہ معاہدے کی مدت اتوار کی نصف شب ختم ہونے والی تھی مگر اب اس میں مزید 72 گھنٹے کی توسیع کی گئی ہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوڈانی فوج اور نیم فوجی سریع الحرکت فورسز (آر ایس ایف)کے درمیان 15 اپریل کو اقتدار کی کشمکش کے نتیجے میں لڑائی شروع ہوئی تھی اوراس میں اب تک سیکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔دریائے نیل کے کنارے واقع سوڈانی دارالحکومت خرطوم میں لڑائی میں مصروف متحارب فریقین کے درمیان جنگ بندی کی موجودہ مدت اتوار کی نصف( شب2200 جی ایم ٹی)کو ختم ہو رہی تھی۔سوڈانی فوج نے پہلے اس میں توسیع پررضامندی ظاہر کی اورکہا کہ اسے امید ہے کہ باغی بھی معاہدے کی پاسداری کریں گے لیکن اس کا خیال ہے کہ وہ حملے جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔اس سے پہلے بھی فریقین امریکا سمیت ثالثوں کی کوششوں کے نتیجے میں ہونے والی جنگ بندی کے دوران میں بھی لڑتے رہے ہیں۔آر ایس ایف کا کہنا ہے کہ جنگ بندی میں توسیع کا فیصلہ بین الاقوامی،علاقائی اور مقامی سطح پرمطالبات کے بعد کیا گیا ہے۔