لاہور ( قاسم رضا سے ) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے قائم مقام صدر رانا فاروق سعید نے کہا ہے کھیلیں گے نہ کھیلنے دینگے کی سوچ رکھنے والوں کی ان حرکتوں کا خمیازہ پوری قوم کو خدانخواستہ کسی غیر آئینی اقدام کی صورت میں بھگتنا پڑ سکتا ہے۔ ایک جماعت کے سوا باقی سب جماعتیں ملک بھر میں ایک ہی روز الیکشن کا مطالبہ کر رہی ہیں،عدلیہ عوامی مطالبات پر غور کرے پاکستان میں آئینی، سیاسی اور جمہوری استحکام کیلئے ایک ہی دن الیکشن ناگزیر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روزنامہ مشرق لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
رانا فاروق سعیدنے کہا ریاستی اداروں کے درمیان غلط فہمیاں اور خلفشار پیدا کرنیوالے آئین ، پارلیمنٹ اور عدلیہ سے مخلص نہیں۔ ملکی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ فریقین الیکشن کی متفقہ تاریخ طے کریںذاتی ضد اور انا کو چھوڑ کر ہی صحیح فیصلے کیے جا سکتے پیں۔رانا فاروق سعید نے کہا کہ عدلیہ کی چھتری تلے چھپنے والے عناصر اپنے منفی رویوں سے باز آ جائیں ورنہ ہم قیادت کو ایسے عناصر کو پارٹی سے فارغ کرنے کا مطالبہ کرینگے۔
حال ہی میں ہم خیال بنچوں کی تشکیل اور یک طرفہ فیصلوں نے عدلیہ میں پیدا ہونیوالا خلیج کو واضح کر دیا ،تاثر کو فوری طور پر ختم نہ کیا گیا اور بڑے اور اہم کیسوں کے فیصلے کرنیوالے بنچز کی تشکیل میں توازن برقرار نہ رکھا گیا تو اس تاثر کو نہیں جھٹلایا جا سکے گا کہ ملک میں جوڈیشل مارشل لاءنافذ ہے جس کے ذریعے دیگر اداروں کے معاملات میں غیر قانونی مداخلت کر کے ملک میں عدم استحکام پیدا کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جتنا نقصان ملک میں آئین،جمہوریت اور پارلیمان کو پہنچایا ہے پیپلز پارٹی آئندہ عام انتخابات کے بعد جیت کر عوام کو اس جعلی لیڈر کی طرف سے پہنچائے گئے نقصانات کا ازالہ کرے گی ۔
کھیلیں گے نہ کھیلنے دینگے کی سوچ خطرناک ہے: رانا فاروق سعید
















