اسلام آباد(بیورورپورٹ)پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے لئے فنڈز کے اجرا کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروادی،ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایت پر الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب خیبرپختونخوا انتخابات کے فنڈز سے متعلق رپورٹ جمع کروائی،دوصفحات پرمشتمل رپورٹ انتخابات کیلئے تاحال فنڈز کی عدم فراہمی اور سکیورٹی خدشات سے متعلق بتایاگیا ہے،ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیاہے انتخابات کے لیے فنڈز دئیے گئے ہیں نہ ہی سکیورٹی فراہم کی گئی ہے، ایسے حالات میں 14مئی کو پنجاب میں انتخابات نہیں ہوسکتے،الیکشن کمیشن حکام نے سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے انتخابات کے لیے فنڈز منتقل نہیں ہوئے،گزشتہ روز سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے پیشرفت رپورٹ طلب کی تھی،عدالت عظمی نے الیکشن کمیشن سے پیشرفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے استفسار کیا تھا پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابات کےلئے فنڈز ملے یا نہیں ملے،دوسری جانب سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کی فراہمی کے معاملے پر وزارت خزانہ سے رپورٹ طلب کر لی،سپریم کورٹ رجسٹرار آفس کی جانب سے وزارت خزانہ کو نوٹس بھجوا دیا گیا ہے، عدالت کے خصوصی میسنجر نے نوٹس وزارت خزانہ کو بھجوایا ہے،ذرائع کے مطابق عدالتی نوٹس پر وزارت خزانہ کی رپورٹ تاحال رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نہیں پہنچی، جس پر عدالت کی جانب سے نوٹس بھیجا گیا ہے۔
انتخابات کیس:فنڈز نہیں ملے:الیکشن کمیشن، وزارت خزانہ سے بھی رپورٹ طلب

















