ترقی یافتہ ممالک کی برابری کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور علوم سیکھنے ہونگے :گورنر پنجاب

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن میں بطورگیسٹ آف آنر اور گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کانووکیشن میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ کانووکیشن کے موقع پرسیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پرووائس چانسلر پروفیسر کامران، سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان خان، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ڈاکٹر مسعود صادق، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر ندیم، پروفیسر منزہ اقبال، ڈاکٹر عبدالوحید چوہدری، پروفیسر شمسہ ہمایوں، پروفیسر طیب، ڈاکٹر اکبر چوہدری، ڈاکٹر شاہینہ منظور، پروفیسر نورین اکمل، فیکلٹی ممبران، والدین اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانووکیشن کے دوران ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کرنے والی طالبات سے اپنے شعبہ سے مخلص رہنے اور خدمت انسانیت کا حلف لیا گیا۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن اور نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے نمایاں طالبات کے درمیان گولڈ میڈلز تقسیم کئے۔ اس موقع پر وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے گورنرپنجاب محمد بلیغ الرحمن، نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کانووکیشن کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب ہونے والی تمام طالبات اور انکے والدین واساتذہ کو مبارکبادپیش کرتے ہیں۔آج گریجوایٹس اس طبی درسگاہ سے علم کا خزانہ لےکر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی کامیابی اس ملک اور انسانیت کی کامیابی میں مضمر ہے۔ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں بچوں کے سوفیصدمیرٹ پر داخلے ہورہے ہیں۔ ہر انسان کی کامیابی اس کے اچھے کردارمیں پوشیدہ ہوتی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آج کامیاب ہونے والی طالبات کو اپنے والدین اور اساتذہ کے شکر گزار ہونا چاہئے۔ ماں باپ کی محنت کے بغیر دنیا میں کوئی بچہ کامیاب نہیں ہوسکتا۔ ہمیں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہونے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اورعلوم سیکھنے ہوں گے۔محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ قرآن پاک میں اپناہرکام احسن طریقہ سے انجام دینے کو احسان سے تشبیہ دی گئی ہے۔ ہمیں اپنے ویژن اور مستقبل کا پتہ ہونا چاہئے۔ پنجاب کی جامعات کو ریسرچ پر خاص توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے نمایاں خدمات سرانجام دینے پروائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کانووکیشن کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام گریجوایٹس کو اپنی پہلی منزل حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہیں۔ ایک اچھا ڈاکٹر اچھا انسان بنے بغیر نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ہمارے لئے دنیا وآخرت کیلئے عظیم لیڈر ہیں۔ انسان کو ہمیشہ اچھے خواب دیکھ کران کی تعبیرکیلئے محنت کرنی چاہئے۔ اس آڈیٹوریم کو کشمیر آڈیٹوریم کا نام دےدیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بدقسمتی یہ ہے کہ ہماری 70 فیصد بچیاں ڈاکٹری کے پروفیشن سے وابستہ نہیں رہتیں۔پاکستان میں خواتین ہرشعبہ میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ یہاں سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کرنے والی طالبات کو میڈیکل پروفیشن سے جڑے رہنے کی اپیل کرتے ہیں۔ وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ تمام کامیاب ہونے والی طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی ڈاکٹرزآج پوری دنیامیں پاکستان کا نام روشن کررہی ہیں۔ یہاں سے کامیاب ہونے والی طالبات خدمت انسانیت کریں گی۔ گزشتہ 75 سالوں سے یہ ادارہ انسانیت کی خدمت کررہا ہے۔ ڈاکٹر فاخرہ انورکو بیسٹ گریجوایٹ ہونے پر مبارکباد دیتے ہیں۔