سوڈان میں پائیدار جنگ بندی کیلئے فریقین کے ساتھ مصروف عمل ہیں: سعودی عرب

نیویارک (مشرق نیوز)اقوام متحدہ میں مملکت سعودی عرب کے مستقل مندوب ، سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز الواصل نے سوڈان میں موجودہ جنگ بندی پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق الواصل نے سوڈان کی صورتحال پر منعقدہ سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں اپنی تقریر میں کہا کہ سعودی مملکت سوڈان میں جنگ بندی کو مستحکم کرنے کے لیے تمام شراکت داروں کے ساتھ مصروف عمل ہے۔انہوں نے شہریوں کے انخلا میں سہولت فراہم کرنے کے لیے سوڈانی فریقین کے کردار کو بھی سراہا۔اقوام متحدہ میں سوڈانی مندوب، سفیر الحارث ادریس نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ سوڈانی فوج دوسری جانب سے خلاف ورزی کے باوجود جنگ بندی پر کاربند ہے ،کہا کہ فوج شہری ہلاکتوں کو کم سے کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ہنگامی اجلاس میں تقریر کے دوران مزید کہا کہ سوڈانی افواج باغیوں کے خطرات سے سفارتی ہیڈ کوارٹرز کو محفوظ بنانے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ باغی افواج کی شہروں میں تعیناتی کی مذمت کی جائے۔اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ فوج نے خطرات کے درمیان کئی ممالک کے شہریوں کے انخلا میں مدد کی، اس بات پر زور دیا کہ اس کا حل سوڈانیوں پر چھوڑ دیا جائے۔