میں نے کونسا کشمیر بیچا ، کونسا پاکستان کا سودا کیا،ثاقب نثار

لاہور(خبر نگار)سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے مبینہ آڈیو لیک کو چوری کا مال قرار دیتے ہوئے کہا ہے میں نے کونسا کشمیر بیچا ، کونسا پاکستان کا سودا کیا، آڈیو سے کوئی بھونچال نہیں مچا ، کوئی زلزلہ نہیں آگیا، یاد نہیں خواجہ طارق رحیم سے کس کیس پر اور کب بات کی،میری رائٹ ٹو پرائیویسی کو متاثر کیا گیا ،آڈیو کو نہیں مانتا،چوری کا مال ہے ، چوری کا مال بک سکتا ہے نہ تشہیر ہوسکتی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ثاقب نثار نے مزید کہا میں نے کیا غلط کیا ، کیا میں پروفیشنل نہیں ہوں ؟ میں نے اپنی لا فرم کھول رکھی ہے ، مجھ سے کوئی مشورہ کرے تو مشورہ نہ دینے کا کوئی عذر ہے؟،میرے صبر اور خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے ایسی حرکتیں کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کا حق رکھتا ہوں،کسی بھی شہری کی نجی بات چیت ریکارڈ کرنا غیر آئینی و غیر قانونی ہے۔

کسی کی نجی گفتگو ریکارڈ کرکے کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں؟یہ لوگ آئین،قانون اور اخلاقیات کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں، خواجہ طارق رحیم میرے دوست اور سینئر قانون دان ہیں،مجھ سے قانونی رائے مانگی جو دےدی،مجھے نہیں علم کس لیے رائے مانگ رہے تھے،آزاد شہری ہوںاب چیف جسٹس ہوں اور نہ کسی بنچ کا حصہ ہوں،اپنے بیٹے کے دفتر میں بھی لوگوں کو مفت قانونی مشورے دیتا ہوں،کسی کی نجی کال ٹیپ کر کے نوجوان نسل کو کیا پیغام دے رہے ہیں؟ دوسروں کی گفتگو ریکارڈ کر کے اپنے سیاہ کارناموں پر پردہ نہیں ڈالا جا سکتا،2افراد کی گفتگو کو ایسے اچھالنا رائٹ ٹو پرائیویسی کےخلاف ہے،میں نے کونسا کشمیر بیچا ، کونسا پاکستان کا سودا کیا ۔